1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت: 2015ء میں مسیحیوں کے خلاف آٹھ ہزار حملے

جاوید اختر، نئی دہلی21 جنوری 2016

بھارت میں مسیحیوں کے حقوق کے لیے سرگرم ایک تنظیم کا کہنا ہے کہ 2014 ء کے مقابلے میں گزشتہ برس ملک میں مسیحیوں اور ان کی تنظیموں کے خلاف آٹھ ہزا رسے زائد حملے ہوئے۔

https://p.dw.com/p/1HhkA
تصویر: Reuters/A. Mukherjee

اس تنظیم کے مطابق سنگین حملوں کی تعداد میں تین گنا اضافہ ہوا اور کم از کم آٹھ مسیحیوں کو ہلاک کردیا گیا۔

کیتھولک سیکولر فورم (سی ایس ایف) نامی تنظیم نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ گزشتہ برس آزادی کے بعد سے بھارت میں مسیحیوں کے لیے سب سے بدترین سال رہا۔ مسیحیوں اور ان کے اداروں کے خلاف پُرتشدد حملوں کی تعداد میں کافی تیزی آئی اور انہیں مجرمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

سی ایس ایف کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں مسیحیوں پر حملے یا انہیں بری طرح ہراساں کرنے کے آٹھ ہزار واقعات پیش آئے۔ ایسے واقعات کا شکار ہونے والوں میں چار ہزار خواتین اور دو ہزار بچے شامل تھے۔ اپنے عقیدے کی تبلیغ کرنے کی پاداش میں مسیحیوں پر کم از کم 365 سنگین نوعیت کے حملے کیے گئے اوران حملوں میں آٹھ مسیحی مارے گئے جن میں سات Pastor یا پادری شامل تھے۔

سی ایس ایف کے جنرل سیکرٹری جوزف ڈیاز کا کہنا ہے کہ 2014ء کے مقابلے میں گزشتہ برس مسیحیوں کے خلاف حملوں میں کم از کم بیس فیصد کا اضافہ ہوا۔ جبکہ سنگین نوعیت کے حملوں کی تعداد میں تین گنااضافہ ہوا ہے۔ 2014ء میں ایسے حملوں کی تعداد 120تھی لیکن گزشتہ برس یہ تعداد بڑھ کر 365 ہوگئی۔


رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مسیحیوں اور ان کی تنظیموں کے خلاف سب سے زیادہ حملے وسطی ریاست مدھیہ پردیش میں ہوئے، جہاں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت ہے۔ اس کے بعد تلنگانہ اور اترپردیش کا نمبر ہے۔ چھتیس گڑھ، تامل ناڈو، آندھرا پردیش بھی مسیحیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر حملوں کے واقعات پیش آئے۔ حتٰی کہ دارالحکومت نئی دہلی بھی مسیحیوں کے خلاف حملوں کے لحاظ سے دس سر فہرست صوبوں میں شامل ہے، جہاں پانچ گرجا گھروں میں توڑ پھوڑ کی گئی اور مسیحی پادریوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

جوزف ڈیاز نے بھارت کے مغربی صوبہ مہاراشٹر کو ’ہندوتوا کی راجدھانی‘ قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے گجرات ہندوتوا کی راجدھانی تھی لیکن اب یہ مقام مہاراشٹر نے حاصل کرلیا ہے۔ مہاراشٹر کے شہر پونے میں ہندو قوم پرست تنظیم راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کی سب سے بڑی ریلی ہوئی تھی جس میں ڈیڑھ لاکھ لوگوں نے شرکت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آرایس ایس کے ایک کارکن نریندر مہاراج کا دعویٰ ہے کہ اس نے 2015ء میں دو ہزار مسیحیوں کو دوبارہ مذہب تبدیل کرا کے ہندو بنایا ہے۔

دارالحکومت نئی دہلی بھی مسیحیوں کے خلاف حملوں کے لحاظ سے دس سر فہرست صوبوں میں شامل ہے
دارالحکومت نئی دہلی بھی مسیحیوں کے خلاف حملوں کے لحاظ سے دس سر فہرست صوبوں میں شامل ہےتصویر: S. Hussain/AFP/Getty Images

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مسیحیوں پر تشدد اور حملوں کے بہت سے واقعات کا پولیس میں اندراج نہیں ہوتا کیوں کہ متاثرین شکایت درج کرانے سے گھبراتے ہیں۔ اس رپورٹ کو صرف ایسے معاملات کی بنیاد پر مرتب کیا گیا ہے جو پولیس میں درج کرائے گئے تھے۔ جوزف ڈیاز نے کہا کہ تشدد کے بہت سے بھیانک واقعات کو ہم اس رپورٹ میں شامل نہیں کرسکے کیوں کہ پولیس اور سیاست دانوں نے متاثرین کو حملہ آوروں کے ساتھ مصالحت کرنے کے لیے مجبور کردیا تھا۔


رپورٹ تیار کرنے میں مدد کرنے والے کرناٹک ہائی کورٹ کے سابق جج ایم ایف سلدانا نے کہا کہ بھارت میں مسیحیوں کے خلاف ہونے والے پرتشدد جرائم کو بیرونی ملکوں کی حقوق انسانی کی تنظیموں نے بھی نوٹ کیا ہے۔

جوزف ڈیازکا کہنا ہے کہ ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے اقتدار میں آنے کے بعد سے اس کی مربی تنظیم آر ایس ایس کے کارکنوں کے حوصلے کافی بلند ہوگئے ہیں اور جن علاقوں میں آر ایس ایس کا غلبہ ہے وہاں مسیحیوں کے خلاف تشدد کے واقعات زیادہ پیش آرہے ہیں جب کہ متاثرین کو دھمکی دی جارہی ہے کہ ان معاملات کو پولیس میں درج نہ کرائیں اور نہ ہی میڈیا میں لے کر جائیں۔

مسیحیوں پر کم از کم 365 سنگین نوعیت کے حملے کیے گئے اوران حملوں میں آٹھ مسیحی مارے گئے
مسیحیوں پر کم از کم 365 سنگین نوعیت کے حملے کیے گئے اوران حملوں میں آٹھ مسیحی مارے گئےتصویر: picture-alliance/AP/M. Swarup