1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بہو پر ’جسمانی تشدد‘ کا الزام جھوٹ ہے، والدہ باکسر عامر خان

15 دسمبر 2016

پاکستانی نژاد باکسر عامر خان کی والدہ نے ایسے الزامات کی تردید کی ہے کہ انہوں نے اپنی بہو کو جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔ قبل ازیں فریال مخدوم نے کہا تھا کہ اسے سسرال والے ’جسمانی اور ذہنی‘ تکلیف پہنچاتے رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/2UIpH
Amir Khan Faryal Makhdoom
تصویر: picture-alliance/AP Invision/O. Vega

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کی والدہ فلک خان نے ایک مقامی ٹیلی وژن کو انٹرویو دیتے ہوئے ایسے الزامات کی تردید کی ہے کہ انہوں نے اپنی بہو کا ’جسمانی استحصال‘ کیا ہے۔ اس سے پہلے عامر خان کی بیوی فریال مخدوم نے سوشل میڈیا پر اپنے سسرال والوں پر ایسے ہی الزامات عائد کیے تھے۔ دو روز پہلے برطانیہ کے مشہور اخبار ’دا سن‘ نے بھی فریال مخدوم کے حوالے ایسے ہی الزامات کو شائع کیے تھے۔

Großbritannien Amir Khan mit Gattin Faryal Makhdoom Pride of Britain Awards 2016 in London
تاہم باکسر عامر خان کی والدہ نے یہ تسلیم کیا  ہے کہ انہیں اپنی بہو کے کپڑوں کے انتخاب پر اعتراض ضرور تھاتصویر: picture-alliance/Geisler-Fotopress

فلک خان کا برطانیہ میں اپنے گھر پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’ کسی نے کبھی  فریال کے لیے نازیبا الفاظ استعمال نہیں کیے۔ ایسا کبھی نہیں ہوا کہ گھر کے کسی فرد نے  اسے ہاتھ  لگایا ہو یا  اس سے برا سلوک کیا ہو۔‘‘  تاہم باکسر عامر خان کی والدہ نے یہ تسلیم کیا  ہے کہ انہیں اپنی بہو کے کپڑوں کے انتخاب پر اعتراض ضرور تھا۔ ان کا کہنا تھا، ’’میں نے ایک مرتبہ اس سے یہ کہا تھا، فریال اس طرح کے کپڑے نہ زیب تن کرو، اسکارف لو۔‘‘ دوسری جانب باکسر عامر خان نے بھی سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے اپنے خاندان سے کہا ہے کہ اس ’بچگانہ رویے‘ کو ختم کیا جائے۔ عامر کا مزید کہنا تھا، ’’میرے والدین میرے والدین ہیں اور میری اہلیہ میری اہلیہ ہے۔ جو کچھ بھی غلط فہمی سے ہوا ہے، اسے نجی سطح پر رکھنا چاہیے۔‘‘

گزشتہ ہفتے فریال نے سنیپ چیٹ کے ذریعے آواز بلند کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسے شادی کے بعد سے گھریلو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ فریال نے مزید لکھا تھا، ’’اگر آپ نے بہو کے ساتھ زیادتی ہی کرنی ہے تو اپنے بیٹوں کی شادی ہی نہ کیا کریں۔‘‘ فریال کا کہنا تھا، ’’ جب آپ کی نند آپ کے شوہر کی غیرموجودگی میں آپ کو مارنے کے لیے آئے لیکن پھر بھی آپ اپنے شوہر کی عزت کے لیے اس پر ہاتھ نہ اٹھائیں۔‘‘

عامر خان اور  فریال کی شادی تین برس پہلے نیویارک میں ہوئی تھی اور انسٹاگرام اور فیس بک پر دونوں ہی کے مداحوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔