1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بیجنگ اولمپکس کامیابی کے ساتھ اپنے اختتام کی طرف گامزن

22 اگست 2008

خواتین کے فٹ بال مقابلوں میں 1996ء اور 2004ء کی طرح اِس بار بھی سونے کا تمغہ امریکہ نے حاصل کیا ہے۔ پاکستانی ہاکی ٹیم کی کارکردگی اِس بار انتہائی مایوس کن رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/F2fq
مردوں کی ہاکی میں جرمن ٹیم کے کھلاڑی سیمی فائنل میں ہالینڈ کو شکست دینے کے بعد ایک دوسرے سے گلے مل کر خوشی کا اظہار کر رہے ہیںتصویر: AP

ایتھنز منعقدہ گذشتہ اولمپکس کی طرح اِس بار بھی خواتین کے فٹ بال ٹورنامنٹ کے فائنل مقابلے میں امریکہ کا سامنا برازیل سے تھا، تاہم امریکی خواتین نے یہ میچ صفر کے مقابلے میں ایک گول سے جیت لیا۔ یہ فیصلہ کن گول امریکی کھلاڑی کارلی لَوئیڈ نے کیا۔ اِس سے پہلے خواتین کھلاڑیوں کی جرمن فٹ بال ٹیم نے جاپان کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرا کر کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

اِسی دوران جرمنی کی مرد کھلاڑیوں کی ہاکی ٹیم سیمی فائنل میں ہالینڈ کو تین کے مقابلے میں چار گول سے شکست دینے کے بعد سونے کے تمغے کے قریب پہنچ گئی ہے۔ آج کھیلے جانے والے فائنل میں جرمن ٹیم کا سامنا ہو گا، اسپین سے، جسے ابتدائی راؤنڈ کے میچ میں جرمنی نے صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ہرایا تھا۔

اولمپک مقابلوں میں پاکستان کے لئے تمغے کے سلسلے میں واحد اُمید ہاکی کے شعبے میں ہوا کرتی ہے لیکن اِس بار اِس ٹیم کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہے۔ پاکستانی ٹیم ساتویں پوزیشن کے لئے ہونے والا میچ بھی نیوزی لینڈ سے ہار گئی۔

خواتین کے اولمپک ہاکی ٹورنامنٹ میں میزبان چین نے کل جرمنی کو دو کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا۔ فائنل میں چین کا سامنا آج ہالینڈ کے ساتھ ہونے والا ہے، جس نے سیمی فائنل میں ارجنٹائن کی ٹیم کو دو کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دی۔

اب تک کے اولمپک مقابلوں کے بعد بھی تمغوں کے اعتبار سے چین سرِ فہرست ہے، سونے کے چھیالیس تمغوں کے ساتھ۔ اُنتیس طلائی تمغوں کے ساتھ امریکہ دوسرے اور سترہ طلائی تمغوں کے ساتھ برطانیہ تیسرے نمبر پر ہے۔

سونے کے سولہ تمغوں کے ساتھ روس چوتھی پوزیشن پر ہے۔ اِس کے بعد اِس فہرست میں پانچویں اور چھٹے نمبر پر گیارہ گیارہ طلائی تمغوں کے ساتھ آسٹریلیا اور جرمنی کے نام ہیں۔