1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بیرلینالے: ’دی گھوسٹ رائٹر‘ اور ’بال‘ کے لئے ایوارڈ

21 فروری 2010

برلن فلم فیسٹیول بیرلینالے میں ایوارڈز دے دیے گئے ہیں۔ بہترین فلم کا ایوارڈ ترکش فلم ’بال‘ کو جبکہ بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ فرانسیسی ہدایت کار رومان پولانسکی کو دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/M70c
’دی گھوسٹ رائٹر‘ کے ستارےتصویر: AP

’بال‘ میں ایک چھ سالہ بچے کی کہانی بیان کی گئی ہے، جو اپنے لاپتہ باپ کی تلاش کے لئے جنگل میں نکل جاتا ہے۔رومان پولانسکی کو بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ ان کی فلم ’دی گھوسٹ رائٹر‘ کے لئے دیا گیا ہے۔ پولانسکی سوئٹزرلینڈ میں نظر بند ہیں اور اپنا ایوارڈ وصول نہیں کر پائے۔ ان کی جانب سے یہ ایوارڈ فلم کے پروڈیوسر الائن ساردے نے وصول کیا۔

’دی گھوسٹ رائٹر‘ ایک ایسے مصنف کی کہانی ہے، جسے ایک سابق برطانوی وزیر اعظم کی سوانح عمری لکھنے پر مقرر کیا جاتا ہے۔ اس فلم کا افتتاح برلن ہی میں ہوا۔

الائن ساردے نے ایوارڈ وصول کرتے ہوئے کہا کہ پولانسکی اس اعزاز پر بے حد خوش ہوں گے۔

ساردے نے مزید کہا کہ ایوارڈ کی تقریب سے پہلے جب وہ پولانسکی سے برلن میں موجود نہ ہونے سے متعلق بات کر رہے تھے، تو انہوں نے کہا تھا کہ وہ تقریب میں آ بھی سکتے تو نہ آتے، کیونکہ پچھلی مرتبہ ایک ایوارڈ وصول کرنے ہی گئے، جب جیل پہنچ گئے۔

رومان پولانسکی کو ایوارڈز کی ایک تقریب میں شرکت کے لئے گزشتہ برس ستمبر میں زیوریخ پہنچنے پر گرفتار کر لیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ 76 سالہ پولانسکی پر 1977ء میں امریکہ میں ایک کم عمر لڑکی کے ساتھ جنسی فعل کے ارتکاب کا مقدمہ ہے۔

Roman Polanski Dreharbeiten zu The Ghost
رومان پولانسکیتصویر: dpa

گزشتہ ہفتے سوئس حکام نے کہا کہ وہ پولانسکی کو امریکہ کے حوالے کرنے سے متعلق کوئی فیصلہ اس وقت تک نہیں کریں گے، جب تک امریکہ میں ان کے خلاف مقدمے کی اپیل نمٹ نہیں جاتی۔

لاس اینجلس کی ایک عدالت نے گزشتہ ماہ فیصلہ سنایا تھا کہ انہیں اس مقدمہ کو نمٹانے کے لئے ذاتی طور پر امریکی عدالت میں پیش ہونا پڑے گا۔ رومان پولانسکی 1978ء میں امریکہ سے نکل گئے تھے اور تب سے وہاں کبھی نہیں گئے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: گوہر نذیر گیلانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید