1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بیلجیئن گراں پری میں ہملٹن کی جیت

30 اگست 2010

فارمولا ون موٹر ریسنگ میں رواں سال کی تیرہویں گراں پری ریس مکمل ہو گئی ہے۔ برطانوی ڈرائیور لوئیس ہملٹن ڈرائیور چیمپین شپ کے حصول میں بقیہ ڈرائیوروں پر سبقت حاصل کر چُکے ہیں۔

https://p.dw.com/p/Oz44
لوئیس ہملٹنتصویر: AP

یورپی ملک بیلجیئم میں گزشتہ روز اتوار کو فارمولا ون موٹر ریسنگ کے جاری سیزن کی ایک اور ریس مکمل ہو گئی۔ اس ریس کے دوران کئی حادثے بھی ہوئے ۔ جینسن بٹن اور فرنانڈو آلانسو کی گاڑیاں حادثے کا شکار ہو گئیں۔ جرمن ڈرائیور سباسطیئن فیٹل بھی کوئی بھی پوائنٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ مجموعی طور پر بارش کی وجہ سے ریس کا صحیح لطف پیدا نہیں ہو سکا تھا۔ ٹریک گیلا ہونے کی وجہ سے ڈرائیوروں کو خاصی محتاط ڈرائیونگ کرنا پڑی تھی۔ آلانسو کی گاڑی کو بھی حادثہ پیش آنے لگا تھا لیکن وہ بال بال بچ گئی۔

برطانوی ڈرائیور لوئیس ہملٹن کو اس گراں پری مقابلے میں کامیابی حاصل ہوئی۔ انہوں نے یہ ریس جیت کر ڈرائیور چیمپیئن شپ کی دوڑ میں برتری حاصل کر لی ہے۔ اس ریس میں گزشتہ دنوں میں پہلی پوزیشن پر براجمان آسٹریلوی ڈرائیور مارک ویبر کو دوسری پوزیشن حاصل ہوئی تھی۔ رابرٹ کوبیچا کو تیسری اور فلپ میسا کو چوتھا مقام حاصل ہوا تھا۔ اس ریس میں جرمنی کے تاریخ ساز ڈرائیور شوماخر کو ساتواں مقام ملا۔ ان کی واپسی کے بعد غیر متاثر کن کارکردگی کا تسلسل جاری ہے۔ اس ریس میں وہ آغاز پر اکیسویں مقام پر تھے۔ ان کے ساتھی نیکو روزبرگ کو چھٹی پوزیشن ملی۔

Lewis Hamilton Deutschland Formel 1 Hockenheim Training
لوئیس ہملٹن میکلارن مرسیڈیز گاڑی پرتصویر: AP

بیلجیئن گراں پری میں لوئیس ہملٹن کی ڈرائیونگ مہارت کی ناقدین نے بہت تعریف کی اور اس ریس میں آغاز سے لیکر اختتام تک ان سے کوئی غلطی سرزد نہیں کی۔

چیمپیئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر بدستور ہملٹن اور ویبر کے درمیان سخت مقابلہ جاری ہے۔ دونوں کے درمیان فرق صرف تین پوائنٹس کا ہے۔ برطانوی ڈرائیور کے پوائنٹس کی تعداد 182 اور ویبر کے پوائنٹس 179 ہیں۔ ان کے قریب ترین حریف جرمن ڈرائیور سباسطیئن فیٹل 147 پوائنٹ پر ہیں۔ پوائنٹس ٹیبل پر فرنانڈو آلانسو کو چوتھا مقام حاصل ہے۔

فارمولا ون گراں پری کی اگلی ریس اٹلی میں ستمبر کے دوسرے ہفتے میں مکمل ہو گی۔ بارہ ستمبر کو موزنا کے ٹریک پر ریس کی تکمیل کے بعد یورپی ملکوں میں فارمولا ون گراں پری مقابلوں کا سلسلہ ختم ہو جائے گا۔ اس کے بعد گراں پری کے مقابلے برازیل، مشرق بعید اور خلیج فارس کی عرب ریاست میں منعقد ہوں گے۔ کل چھ ریسیں باقی رہ گئی ہیں۔ آخری ریس کا میزبان ابوظہبی ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: کشور مصطفیٰ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں