1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بیلجیم: دہشت گردی کے شبے میں دو افراد گرفتار

امتیاز احمد29 دسمبر 2015

بیلجیم کی پولیس نے برسلز میں حملوں کی منصوبہ بندی کرنے کے شبے میں دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ملزمان آئندہ چند روز میں ملکی دارالحکومت کی کئی اہم عمارات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔

https://p.dw.com/p/1HVeR
Belgien Terrorismus Polizei Razzia Durchsuchungen Brüssel
تصویر: picture-alliance/dpa/N.Maeterlinck

پیرس حملوں کے بعد سے بیلجین پولیس نے ملکی شدت پسندوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ تیز تر کر رکھا ہے اور اب اسی سلسلے میں مزید دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ وفاقی دفتر استغاثہ کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق مشتبہ افراد رواں سال کے اختتامی دنوں میں حملے کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ دفتر استغاثہ کے مطابق تحقیقات سے پتہ چلا ہے، ’’حملوں کا سنگین خطرہ تھا۔‘‘

نیوز ایجنسی اے پی نے تحقیقات کے حوالے سے اپنی رپورٹوں میں بتایا ہے کہ مشتبہ اہداف میں دارالحکومت برسلز کا مرکزی اسکوائر بھی شامل تھا، جہاں لوگ چھٹیوں کے دوران بھی موجود ہوتے ہیں اور خریداری میں مصروف رہتے ہیں۔

اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک اہلکار کا کہنا تھا، ’’گرینڈ پلیس پر ہمیشہ ہجوم رہتا ہے۔ وہاں فوجی اور پولیس اہلکار بھی گشت کر رہے ہوتے ہیں جبکہ وہاں ایک پولیس اسٹیشن بھی واقع ہے۔‘‘

بتایا گیا ہے کہ دونوں مرد ملزمان کی گرفتاری کے لیے اتوار اور پیر کے روز مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے تھے تاہم ان مشتبہ ملزمان کے نام اور ان سے متعلق دیگر معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔ ملکی دفتر استغاثہ کے مطابق ان میں سے ایک ملزم پر ایک دہشت گرد گروپ کی مدد، اس گروپ کے لیے بھرتیوں اور ملک میں اس گروپ کے لیڈر کے طور پر کام کرنے کا الزام ہے جبکہ دوسرے ملزم پر اس دہشت گرد گروپ کی سرگرمیوں میں شامل ہونے سی متعلق فرد جرم عائد کی گئی ہے۔

یہ بھی بتایا گیا ہے کہ چھاپوں کے دوران ملزمان سے ملٹری ٹریننگ یونیفارمز، داعش کا پروپیگنڈا مواد اور کمپیوٹر بھی قبضے میں لے لیے گئے ہیں، جن کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ تاہم ان مشتبہ ملزمان سے نہ تو کوئی اسلحہ ملا ہے اور نہ ہی کوئی دھماکا خیز مواد۔ بیان کے مطابق شروع میں ان چھاپوں کے دوران چھ افراد کو گرفتار کیا گیا تھا لیکن ابتدائی تفتیش کے بعد ان میں سے چار کو رہا کر دیا گیا۔ ملزمان کے بارے میں مزید معلومات فراہم کرنے سے انکار کرتے ہوئے یہ کہا گیا ہے کہ ان ملزمان کا پیرس حملوں سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ پیرس حملوں میں ملوث ہونے کے الزام میں ابھی تک بیلجیم میں نو افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

دریں اثناء ملکی حکام کی طرف سے دارالحکومت میں تعینات پولیس اور فوجی اہلکاروں کو بھی اپنے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کہہ دیا گیا ہے۔