1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بیمار پاکستانی بچہ علاج کے لیے بھارت پہنچ گیا

بینش جاوید
13 جون 2017

چار ماہ کا پاکستانی بچہ روحان صدیق میڈیکل ویزا پر اپنے والدین کے ہمراہ بھارت کے شہر  نوئڈا پہنچ گیا ہے۔ اس بچے کو دل کی بیماری لاحق ہے۔

https://p.dw.com/p/2ec3R
Indien KenSidTwitter Child
تصویر: Twitter/KenSid

اسلام آباد میں بھارت کے ہائی کمیشن نے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کے کہنے پر اس بچے اور اس کے والدین کو ویزا جاری کیا تھا۔ بھارت کے اخبار ٹائمز ناؤ کے مطابق اس بچے کو ’جے پی‘ ہسپتال میں داخل کرا دیا گا ہے جہاں اس کا علاج نامور کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر آشوتوش مارواہ اور سرجن ڈاکٹر راجیش شرما  کریں گے۔

بھارت کی نیوز ایجنسی اے این آئی کو ڈاکٹر آشوتوش نے بتایا،’’ روحان کے دل میں سوراخ ہے۔ اس بچے کو لاحق بیماری کا علاج آٹھ ماہ کی عمر سے قبل ہونا چاہیے اس کے بعد اس مرض کا علاج ممکن نہیں ہے اور جان جانے کے خطرہ بڑھ جاتا ہے۔‘‘

اس بچے کے والد نے ٹوئٹر پر اپنے بچے کی تصویر شائع کی تھی اور بھارتی وزیر خارجہ سے اپیل کی تھی کہ انہیں میڈیکل ویزا دے دیا جائے تاکہ اس کے بچے کا علاج ممکن ہو سکے۔  اس ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے بھارتی وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ اس بچے کا علاج ہوگا اور اس کے والد کو اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن سے رابطہ کرنے کا کہا تھا۔

کئی پاکستانی علاج کے غرض سے خاص طور پر گردے اور دل کے علاج کے لیے بھارت آتے ہیں۔ لیکن پاک بھارت کشیدگی کے باعث بھارت نے میڈیکل ویزا پر سختی عائد کر دی ہے۔ سوشل میڈیا پر بھارتی وزیر خارجہ کی جانب سے اس پاکستانی جوڑے کو اپنے بچے کے علاج کے لیے ویزا دلوائے جانے کی کاوش کی تعریف کی جارہی ہے۔