1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بینکاک میں بم دھماکا، 27 ہلاک

افسر اعوان17 اگست 2015

تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک کے ایک ہندو مندو کے باہر ہونے والے بم دھماکے میں 27 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ تھائی حکام کے مطابق اس حملے کا مقصد ملک کی معیشت اور سیاحت کی صنعت کو تباہ کرنا ہے۔

https://p.dw.com/p/1GGp4
تصویر: Reuters/A. Perawongmetha

تھائی لینڈ کی حکمران جنتا کے ایک ترجمان میجر جنرل وِیراچون سخونداپایپک کے مطابق دھماکے کا نشانہ بننے والے مقام پر دو بم ملے ہیں جبکہ کم از کم ایک کو دھماکے سے اڑایا گیا ہے۔ تھائی میڈیا کے مطابق اس دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد 27 ہے جن میں چار غیر ملکی بھی شامل ہیں۔

تھائی لینڈ کے ’دی نیشن ٹیلی وژن‘ کے مطابق ایراوان کے ہندو مندر کے باہر ہونے والے بم دھماکے میں 27 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ تھائی میڈیا کے مطابق زخمی ہونے والے زیادہ سیاحوں کا تعلق چین اور تائیوان سے ہے۔

تھائی پولیس نے اب تک 16 ہلاکتوں کی تصدیق کردی ہے۔ ویراچون کے مطابق اس دھماکے میں درجنوں افراد زخمی ہیں جن میں غیر ملکی بھی شامل ہیں۔

خبر رساں ادارے روئٹرز نے تھائی لینڈ کے قومی پولیس کے نائب سربراہ آئک اگسانا نوند کے مطابق یہ بم دھماکا وسطی بنکاک کے اہم علاقے میں واقع ایراوان مندر کے باہر ہوا ہے۔ تھائی دارالحکومت کی پولیس کے مطابق بم ایک موٹر سائیکل پر نصب تھا۔

تھائی لینڈ کے وزیر دفاع پراوِت وونگ سُو وونگ نے کہا ہے کہ اس بم دھماکے میں غیر ملکیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے اور یہ سیاحت کی صنعت اور ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔ مقامی میڈیا نے زخمیوں کی تعداد 78 بتائی ہے۔

تھائی لینڈ نائب وزیراعظم پراوِت وونگسوون نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’ہمیں ابھی تک معلوم نہیں ہے کہ اس دھماکے کے پیچھے سیاسی مقاصد کارفرما ہیں یا نہیں، لیکن ان کا مقصد ہماری معیشت کو نقصان پہنچانا ہے اور ہم ذمہ داروں کو ڈھونڈ نکالیں گے۔‘‘

تھائی میڈیا نے زخمیوں کی تعداد 78 بتائی ہے
تھائی میڈیا نے زخمیوں کی تعداد 78 بتائی ہےتصویر: Getty Images/AFP/P. Kittiwongsakul

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق دھماکا راجپراسونگ انٹرسیکشن پر ہوا جو حالیہ برسوں کے دوران کئی سیاسی احتجاجوں کا مرکز رہا ہے۔ ایراوان مندر تھائی سیاحوں میں بھی کافی زیادہ مقبول ہے۔ اے پی کے مطابق ایک بم اس مندر کے کمپاؤنڈ سے ملا ہے جبکہ دوسرا اس کمپلیکس کے باہر سے۔

ابھی تک کسی گروپ نے اِس بم دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ تاہم شبہ کیا جا رہا ہے کہ اس بم دھماکے میں جنوبی تھائی لینڈ کے علیحدگی پسند ملوث ہو سکتے ہیں۔