1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بیوی اٹھا کر بھاگنے کا مقابلہ فن لینڈ جیت گیا

4 جولائی 2010

بیوی کو اٹھا کر دوڑنے کے سالانہ چیمپیئن شپ مقابلے میں فن لینڈ کے ٹائیسٹو میٹینین نے مسلسل دوسری مرتبہ فتح حاصل کر لی ہے۔ یہ مقابلہ فن لینڈ کے مرکزی شہر سون کایائیروی میں منعقد ہوا۔

https://p.dw.com/p/OAJy
تصویر: dpa

ٹائیسٹو میٹینین اس برس اپنے اعزاز کا دفاع کر رہے تھے۔ اس دوڑ میں شریک کھلاڑیوں کو 250 میٹر کا فاصلہ اپنی بیوی کو اپنی پشت پر سوار کر کے طے کرنا تھا۔ میٹینین نے اپنی بیوی کریسٹینا پاپانین کو اٹھا کر یہ فاصلہ ایک منٹ اور چار سیکنڈ میں طے کیا۔ دوسرے نمبر پر چار سیکنڈ کے فرق سے ایسٹونیا کے آلار وُوگلا اور کرسٹی وِلٹروپ رہے۔ اس جوڑے نے گزشتہ برس بھی دوسری پوزیشن حاصل کی تھی اور سلور میڈل کا حق دار ٹھہرا تھا۔ اس دوڑ میں تیسرا انعام بھی فن لینڈ کے ہی ایک جوڑے کے حصے میں آیا۔

Amerikanische Familie in München Weihnachtsmarkt
اس مقابلے کو دیکھنے کے لئے تماشائیوں کی بڑی تعداد موجود تھیتصویر: AP

45 سالہ مینیٹین پیشہ وارانہ طور پر ایک وکیل ہیں اور گزشتہ دس برسوں سے اس مقابلے میں شریک ہو رہے ہیں۔ گزشتہ برس انہوں نے یہ مقابلہ جیت کر اس دوڑ میں اسٹونیا کی گیارہ سالہ برتری ختم کر دی تھی۔

جیت کے بعد انہوں نے فرانسیسی خبر رساں ادارے AFP سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس مرتبہ پچھلے سال جیسی کارکردگی اور پھرتی تو نہیں دکھا سکے، مگر وہ اپنی جیت پر بہت خوش ہیں۔

دارالحکومت سے 490 کلومیٹر دور فن لینڈ کا شہر سون کایائیروی گزشتہ پندرہ برسوں سے اس دوڑ کا اہتمام کر رہا ہے۔ اس مرتبہ اس مقابلے میں 13 ممالک سے 51 جوڑوں نے حصہ لیا۔ مقابلے میں آسٹریلیا، امریکہ اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں بھی شریک ہوئیں۔ اس مقابلے کو دیکھنے کے لئے تقریبا 4000 تماشائی موجود تھے۔

یہ دوڑ اس شہر میں اٹھارہویں صدی میں بسنے والے ایک ٹھگ ہیرکو روسوو رونکانیئن سے موسوم ہے، جو آس پاس دیہات سے غذائی اشیاء اور کبھی کبھی لڑکیوں کو بھی اٹھا کر بھاگ نکلتا تھا۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : شادی خان سیف