1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تائیوان کا ایشیا ایوارڈ بھارت کی ریسکیو فاؤنڈیشن کے لئے

8 نومبر 2010

تائیوان کی ڈیموکریسی فاؤنڈیشن نے اعلان کیا ہے کہ سال رواں کے لئے اس کی طرف سے ایشیا میں جمہوریت اور انسانی حقوق کا ایوارڈ ایک بھارتی غیر سرکاری تنظیم ریسکیو فاؤنڈیشن کو دیا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/Q1Qr
تائیوان کے صدر Ma Ying-jeou ذاتی طور پر دس دسمبر کو یہ ایوارڈ دیں گےتصویر: picture-alliance/dpa

ریسکیو فاؤنڈیشن ایک ایسی غیر حکومتی بھارتی تنظیم ہے، جو گزشتہ کئی برسوں سے خاص طور سے ایسی نوجوان لڑکیوں کو بچانے اور ان کے لئے معمول کی زندگی کو ممکن بنانے کی انتھک کوششیں کر رہی ہے، جنہیں جرائم پیشہ افراد جسم فروشی پر مجبور کر دیتے ہیں۔

تائیوان کے دارالحکومت تائی پے میں تائیوان فاؤنڈیشن فار ڈیموکریسی نامی ادارے کے چیئرمین Wang Jin-pyng نے آج اس بھارتی تنظیم کے لئے 2010 کے ایشیا ڈیموکریسی اینڈ ہیومن رائٹس ایواڈ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس بھارتی NGO نے گزشتہ کئی برسوں کے دوران جنوبی ایشیا کی ایسی بہت سی خواتین کو جبر اور استحصال کی زندگی سے باہر نکال کر ان کے لئے معمول کی باعزت زندگی کو ممکن بنایا۔

Kambodscha Prostitution Phnom Penh
یہ بھارتی فاؤنڈیشن خاص طور پر نوجوان خواتین کو جسم فروشی پر مجبور کرنے والوں کے خلاف جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہےتصویر: AP

وانگ جِن پِنگ نے کہا کہ یہ بھارتی فاؤنڈیشن خاص طور پر نوجوان خواتین کو جسم فروشی پر مجبور کرنے اور انسانوں کی تجارت کرنے والوں کے خلاف جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فاؤنڈیشن متاثرہ خواتین کو HIV ایڈز کے ٹیسٹ کروانے، ان کے علاج، پیشہ ورانہ تربیت اور جذباتی مدد سمیت کئی طرح کی خدمات فراہم کرتی ہے۔

Rescue Foundation بھارت کے تجارتی دارالحکومت ممبئی میں قائم ایک ایسی تنظیم ہے، جو گزشتہ آٹھ برسوں سے کام کر رہی ہے اور جو ہر سال 300 کے قریب ایسی خواتین کو معمول کی زندگی گزارنے میں مدد دیتی ہے، جنہیں جرائم پیشہ گروہ جبری جسم فروشی کروانے والے مجرموں کے ہاتھ بیچ دیتے ہیں۔

مبئی کی اس تنظیم کو یہ ایوارڈ تائیوان کے دارالحکومت تائی پے میں 10 دسمبر کو ہونے والی ایک تقریب میں تائیوان کے صدر Ma Ying-jeou ذاتی طور پر دیں گے۔ یہ بھارتی تنظیم تائیوان فاؤنڈیشن کی طرف سے ہر سال دیا جانے والا یہ اعزاز حاصل کرنے والی مجموعی طور پر پانچویں تنظیم ہوگی۔ اس انعام کے ساتھ ایک لاکھ امریکی ڈالر کی نقد رقم بھی دی جاتی ہے۔

تائیوان فاؤنڈیشن برائے جمہوریت کا قیام سن 2006 میں عمل میں آیا تھا اور اس کا مقصد ایشیا میں جمہوریت اور آزادی کی اقدار کی ترویج ہے۔ اس ادارے کی طرف سے دیا جانے والا انسانی حقوق اور جمہوریت کا ایشیا ایوارڈ ہر سال دس دسمبر کو انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر دیا جاتا ہے۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں