1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تامل آپریشن کے دو سال، راجا پکسے کا الزامات سے انکار

27 مئی 2011

سری لنکا کے صدر مہندا راجا پکسے نے تامل آپریشن کے دو سال پورے ہونے پر حکومت پر عائد جنگی جرائم کے الزامات کی تردید کی ہے۔

https://p.dw.com/p/11OzY
سری لنکا کے صدر مہندا راجا پکسےتصویر: AP

دو برس قبل سری لنکا کی حکومت نے صدر مہندا راجا پکسے کی قیادت میں ملک کے شمال میں تامل باغیوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے انہیں گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا تھا۔ تاہم اقوام متحدہ کی ایک حالیہ رپورٹ میں سری لنکا کی حکومت پر جنگی جرائم میں ملوّث ہونے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ صدر راجا پاکسے نے جمعہ کے روز تامل آپریشن کے دو برس مکمل ہونے پر ان الزامات کا دفاع کرنے کا عزم کیا ہے۔

دارالحکومت کولمبو میں ایک فوجی پریڈ کے دوران صدر راجا پاکسے نے افواج سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کو دغا نہیں دیں گے۔

UN-Generalsekretär Ban Ki Moon in Sri Lanka
رپورٹ اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کو پیش کی گئیتصویر: AP

سری لنکا کی حکومت اقوامِ متحدہ اور بین لاقوامی اداروں کی جانب سے سخت دباؤ میں ہے کہ وہ تامل آپریشن کے دوران مبینہ جنگی جرائم کی تحقیقات کرے۔ امریکہ کا مطالبہ ہے کہ سری لنکا کی حکومت اقلیتی تامل باشندوں سے مصالحت کا راستہ اختیار کرے۔

گزشتہ مہینے اقوامِ متحدہ کے ایک خصوصی پینل کی تیّار کردہ ایک رپورٹ ادارے کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کو پیش کی گئی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ سن دو ہزار نو میں تامل باغیوں کے خلاف فوجی آپریشن کے دوران سری لنکا کی افواج جنگی جرائم کی مرتکب ہوئی تھیں۔ سری لنکا کی حکومت نے رپورٹ کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے۔

صدر راجا پاکسے کا کہنا ہے کہ رپورٹ سری لنکا کی افواج کو بدنام کرنے اور ملک کے اکثریتی سنہالا باشندوں اور اقلیتی تامل آبادی میں تفرقہ پیدا کرنے کی ایک کوشش ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان کی حکومت نے سینتیس سال سے جاری خونریز تنازعے کا خاتمہ کر کے ملک میں امن قائم کیا۔

تامل آپریشن کے دو برس پورے ہونے پر اس ماہ کے اختتام پر حکومت ایک تین روزہ کانفرنس کا بھی انعقاد کر رہی ہے، جس کا عنوان ’دہشت گردی کی شکست، سری لنکا کا تجربہ‘ ہے۔ اس کانفرنس میں روس، چین اور بھارت سمیت بیالیس ممالک کی شرکت متوقع ہے۔ مغربی ممالک اس کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گے۔

رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں