1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

Sri Lanka Lage

عدنان اسحاق24 اپریل 2009

سری لنکا کی موجودہ کشیدہ صورت حال کے بارے میں بین الاقوامی برادری کے خدشات میں مسلسل اضافہ ہو تا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/HdHC
سری لنکا کے صدر مہندا راجاپاکشےتصویر: AP

شمالی سری لنکا میں تامل باغیوں کے خلاف ملکی فوج کی کارروائی کے باعث پیدا ہونے والے بحرانی حالات کے پس منظر میں اعلیٰ بھارتی نمائندوں کے ایک وفد نے جمعہ کے روز کولمبو میں صدر مہندا راجا پاکشے کے ساتھ ملاقات کی۔

اس ملاقات میں تامل ایلام کے لبریشن ٹائیگرز کے خلاف سری لنکا کی مسلح افواج کے ملک کے شمال میں جاری آپریشن سے پیدا ہونے والی اس بحرانی صورت حال پرتبادلہ خیال کیا گیا جس پر جنوبی بھارتی صوبے تامل ناڈو میں بھی بہت تشویش پائی جاتی ہے۔

کولمبو میں سری لنکا کے صدر کے ایک ترجمان نے بتایا کہ بھارتی وفد میں قومی سلامتی کے مشیر ایم کے نارائنن اور وزارت خارجہ کے سیکریٹری شیو شنکرمینن شامل تھے۔ ترجمان نے سری لنکا کے صدر مہندا راجا پاکشے کی بھارتی نمائندوں کے ساتھ اس ملاقات میں زیر بحث آنے والے دیگر موضوعات کی کوئی تفصیلات نہیں بتائیں۔

جمعرات کے روزبھارت نے سری لنکا میں جاری لڑائی کو فوری طورپر بند کروانے کے لئے نئی دہلی کی رضامندی کا اظہار کرتے ہوئے اپنا ایک وفد کولمبو بھیجنے کا اعلان کیا تھا تا کہ شمالی سری لنکا میں تامل باغیوں کے زیر قبضہ اور فوج کے محاصرہ شدہ چھوٹے سے جنگ زدہ علاقے میں ابھی تک پھنسے ہوئے ہزار ہا عام شہریوں کو وہاں سے بحفاظت نکالنے میں مدد دے جاسکے۔

بھارتی وزیرخارجہ پرنب مکھرجی بھی یہ کہہ چکے ہیں کہ نئی دہلی حکومت کو سری لنکا میں بے گناہ تامل باشندوں کی ہلاکتوں پرانتہائی افسوس ہے اور اس کارروائی کو فوری طوربند ہونا چاہیے۔ مکھرجی کے بقول سری لنکا میں اس بحران پرفوجی کارروائی کے ذریعے قابو نہیں پایا جا سکتا۔

اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق تامل باغیوں اور سرکاری دستوں کے مابین ہونے والی اس لڑائی میں گذشتہ صرف تین ماہ کے دوران چھ ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ سری لنکا کی موجودہ صورت حال کے بارے میں بین الاقوامی برادری کے خدشات میں بھی مسلسل اضافہ ہو تا جا رہا ہے۔ اسی بناء پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون ایک امدادی تنظیم کے کارکنوں کو شمالی سری لنکا بھیجنے کا حکم بھی دے چکے ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں