1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تحفظ ماحول کے لیے رقوم اور نئے امکانات کی تلاش

12 دسمبر 2017

ایک اجلاس کے بعد دوسرا۔ بون میں موسمیاتی تبدیلیوں کے موضوع پر بین الاقوامی اجلاس کے تقریباً تین ہفتے بعد آج منگل بارہ دسمبر کو پیرس میں تحفظ ماحول ایک کانفرنس ہو رہی ہے۔ یہ ایک روزہ سربراہی اجلاس ہے۔

https://p.dw.com/p/2pCLa
تصویر: Getty ImagesAFP/P. Wojazer

فرانسیسی دارالحکومت میں آج منگل کے روز ہونے والے اجلاس کا عنوان ہے، ’وَن پلانَیٹ سمٹ‘۔ خبر رساں اداروں کے مطابق اس اجلاس میں تقریباً چار ہزار مندوبین شرکت کر رہے ہیں، جن میں کم از کم پچاس ممالک کے سربراہان مملکت و حکومت بھی شامل ہیں۔ اس اجلاس کا مقصد تحفظ ماحول کے منصوبوں کے لیے مالی تعاون کو ممکن بنانا اور علاقائی سطح پر اس تناظر میں شروع کی جانے والی سرگرمیوں کو مضبوط اور مربوط بنانے پر غور کرنا ہے۔

Frankreich Klimagipfel
تصویر: Reuters/C. Archambault

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ کھربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے بغیر زمینی حدت میں اضافے کو دو ڈگری سینٹی گریڈ تک محدود رکھنے کے ہدف کو حاصل نہیں کیا جا سکے گا۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے ماحولیاتی تبدیلی کی سربراہ پیٹریشیا ایسپی نوزا کے مطابق، ’’صرف سیاسی اقدامات ہی کافی نہیں ہوں گے۔ اس کے لیے ہمیں عالمی  مالیاتی ڈھانچے کو دوبارہ سے ترتیب دینا ہو گا جبکہ تمام تر ترقی کو بھی ماحول کے لیے کم سے کم نقصان دہ، پائیدار اور قابل بھروسہ بنانا ہو گا۔‘

اس اجلاس کی میزبانی فرانس اور عالمی بینک کر رہے ہیں۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں اس ایک روزہ اجلاس کے دوران ماحولیات اور آب و ہوا پر تحقیق کرنے والے اٹھارہ محققین کو وظیفے بھی دیں گے۔ ان میں سے تیرہ کا تعلق امریکا سے ہے۔ اس اجلاس کی خاص بات یہ ہے کہ آج سے ٹھیک دو برس قبل پیرس میں ہی دنیا کے 195 ممالک کے مابین تحفظ ماحول کے تاریخی معاہدے پر اتفاق رائے ہوا تھا۔ تاہم ابھی تک امریکا وہ واحد ملک ہے، جو شروع میں اپنی شمولیت کے بعد پیرس معاہدے سے دستبرداری کا اعلان کر چکا ہے۔