1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ترکی مشرق وسطیٰ پر اثر انداز ہونے کی پالیسی سے باز رہے: اخوان السلمون

15 ستمبر 2011

مشرق وسطیٰ میں سیاسی اکھاڑ پچھاڑ اور ترک وزیر اعظم رجب طیب ایردوان کی دلچسپی کے تناظر میں اخوان المسلمون کی نئی سیاسی جماعت نے ترک وزیر اعظم کو خبردار کیا ہے کہ وہ خطے پر اثر انداز ہونے کی پالیسی کو ترک کریں۔

https://p.dw.com/p/12ZZa
ایردوان اور مصری فوجی سربراہتصویر: dapd

عرب دنیا کے ملک مصر کی مضبوط اور خاصی طاقتور مذہبی تنظیم اخوان المسلمون نے ترک وزیر اعظم کو متنبہ کیا ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ کے سیاسی حالات و واقعات کے تناظر میں خطے پر اپنا اثر و رسوخ قائم کرنے کی پالیسی سے اجتناب کریں۔ ترکی کے وزیر اعظم رجب طیب ایردوان کی مشرق وسطیٰ کی مجموعی صورت حال میں مختلف حوالوں سے دلچسپیاں ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔ مصری دارالحکومت قاہرہ آمد پر ایردوان کی پالیسیوں کے حوالے سے اخوان المسلمون کی جسٹس اینڈ فریڈم پارٹی نے ان کا محتاط خیر مقدم بھی کیا ہے۔

فریڈم اینڈ جسٹس پارٹی کی جانب سے بیان ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے، جب ترک وزیر اعظم خطے کے دورے کے علاوہ مصر میں موجود تھے۔ ترک وزیر اعظم تیونس، مصر اور لیبیا کا دورہ مکمل کرنے والے ہیں۔

NO FLASH Türkei Erdogan in Ägypten
ترک وزیر اعظم مصر کے دورے پرتصویر: picture alliance/dpa

 گزشتہ روز مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں انہوں نے عرب لیگ سے خطاب بھی کیا۔ اس موقع پر عرب لیگ کے سربراہ نبیل العربی نے ترک وزیر اعظم کا خیر مقدم شاندار الفاظ میں کیا۔ قاہرہ میں ترک وزیر اعظم نے مصری عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت آپ سب کے لیے اتنی ہی اہم ہے جتنی خوراک اور پانی ۔ ایردوان کا یہ بھی کہنا تھا کہ قاہرہ کے التحریر چوک سے آزادی کا پیغام مجبور اور پسی ہوئی اقوام کے لیے روشنی کی امید ہے اور اس وجہ سے طرابلس، دمشق اور صنعاء میں تبدیلی کی لہر بھی پیدا ہوئی ہے۔

ترک وزیر اعظم کے دورے کی مناسبت سے اخوان المسلمون کے سیاسی ونگ جسٹس اینڈ فریڈم پارٹی کے نائب سربراہ عصام العریان نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ وہ خیال کرتے ہیں کہ ترک وزیر اعظم یا ان کا ملک مشرق وسطیٰ کے خطے کے سیاسی مستقبل کے لیے رہنما اصول وضع نہیں کرسکتا۔ العریان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عرب ریاستیں باہر سے کسی رہنمائی کی متلاشی نہیں ہیں بلکہ ان میں پیدا ہونے والے انقلابات ان کے اندرونی نظاموں کی پیدا وار ہیں اور ان کے بعد جمہوری روایات یقینی طور پر سامنے آئیں گی۔ العریان کے مطابق ترک وزیر اعظم کی ان کی سیاسی جماعت کے اعلیٰ اہلکاروں سے ملاقات ہوئی ہے۔

دوسری جانب ترک وزارت خارجہ کے سینئر اہلکار نے کہا ہے کہ ترک وزیر اعظم نے صاف طور پر کہا ہے کہ وہ کسی کو سکھانے کی کوشش میں نہیں ہیں بلکہ اگر وہ چاہیں تو مدد کر سکتے ہیں۔

رپورٹ:  عابد حسین

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں