1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’انسانی ساختہ زلزلے‘ سے خطرہ ہے، انقرہ کے میئر

7 فروری 2017

ترک دارالحکومت انقرہ کے میئر نے خبردار کیا ہے کہ غیر ملکی طاقتیں ترکی میں مصنوعی زلزلے کے لیے انتہائی جدید ٹیکنالوجی استعمال کر سکتی ہیں تاکہ ترک معیشت کو نقصان پہنچایا جائے۔

https://p.dw.com/p/2X7eK
Türkei Erbeben in Canakkale
تصویر: picture-alliance/Zumapress/M. Suicmez

میلِش کوکچیک 1994ء سے ترکی کے دارالحکومت انقرہ کے میئر چلے آ رہے ہیں۔ انہوں نے یہ دعویٰ اپنے ایک ٹوئیٹر پیغام میں آج منگل سات فروری کو کیا۔ کوکچیک ٹوئیٹر پر اپنے 3.7 ملین فالوورز کو بلاناغہ اپ ڈیٹ کرتے رہتے ہیں۔

انقرہ کے میئر کی طرف سے یہ دعوٰی ملک کے مغربی صوبہ چنّاکالے میں آج منگل کی صبح آنے والے دو زلزلوں کے بعد سامنے آیا۔ ترکی کی ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی منیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق ان زلزلوں کی شدت 5.3 اور 5.2 تھی۔

کوکچیک نے اپنی ٹوئیٹس میں ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں دعوٰی کیا گیا ہے کہ ایسے آلات دستیاب ہیں جن کی مدد سے مصنوعی زلزلہ لایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایسی تمام آبدوزوں اور بحری جہازوں کو قبضے میں لے لیا جائے جن پر بڑے بڑے آلات نصب ہیں۔

Der Bürgermeister von Ankara Melih Gokcek
میلِش کوکچیک نے اپنی ٹوئیٹس میں مطالبہ کیا کہ ایسی تمام آبدوزوں اور بحری جہازوں کو قبضے میں لے لیا جائے جن پر بڑے بڑے آلات نصب ہیںتصویر: picture alliance/AA

انقرہ کے میئر نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ انہوں نے ان دو زلزلوں کے بارے میں تحقیق کی ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ان زلزلوں کے پیچھے ممکنہ طور پر غیر ملکی ہاتھ کارفرما ہو سکتا ہے۔ انہوں نے لکھا، ’’قریب ہی ایک بحری جہاز زلزلے سے متعلق تحقیق میں مصروف تھا۔ یہ جہاز کیا تحقیق کر رہا تھا اور اس کا تعلق کون سے ملک سے ہے، یہ معمہ حل ہونا چاہیے۔‘‘

ان کا کہنا تھا کہ اس کارروائی کا اصل مقصد استنبول کے قریب ایک زلزلہ لانا تھا تاکہ حکومت کے خلاف معاشی ’’بغاوت‘‘ پیدا کی جائے: ’’اس لمحے ترکی کے خلاف بغاوت استنبول کے قریب ایک زلزلہ ہے تاکہ ترکی کو معاشی طور پر ڈھیر کیا جا سکے۔‘‘

Türkei Erbeben in Canakkale
انقرہ کے میئر کی طرف سے یہ دعوٰی ملک کے مغربی صوبہ چنّاکالے میں آج منگل کی صبح آنے والے دو زلزلوں کے بعد سامنے آیاتصویر: picture-alliance/Zumapress/M. Suicmez

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ انقرہ کے میئر اور حکمران جماعت جسٹس اینڈ ڈویلیپمنٹ پارٹی کے ایک رہنما میلِش کوکچیک کی طرف سے کوئی عجیب و غریب دعوٰی سامنے آیا ہے۔ گزشتہ برس جولائی میں ناکام فوجی بغاوت کے بعد انہوں نے دعوٰی کیا تھا کہ خودساختہ جلاوطنی اختیار کیے ہوئے ترک مذہبی رہنما فتح اللہ گولن نے اپنے حامیوں کو اس بغاوت پر آمادہ کرنے کے لیے بذریعہ جنات ہپناٹائز کیا تھا۔