1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

230811 Gaddafi USA

23 اگست 2011

ترکی کے وزیر خارجہ احمد داؤد اوغلو لیبیا کے باغیوں کے مضبوط مرکز سمجھے جانے والے شہر بن غازی پہنچ گئے ہیں، جہاں اُنہوں نے کہا ہے کہ حالات مکمل طور پر مستحکم ہونے تک نیٹو لیبیا میں اپنی فوجی کارروائیاں جاری رکھے گا۔

https://p.dw.com/p/12Lun
ترک وزیر خارجہ احمد داؤد اوغلو
ترک وزیر خارجہ احمد داؤد اوغلوتصویر: AP

آج منگل کو بن غازی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے داؤد اوغلو نے کہا:’’جب تک لیبیا میں سلامتی کی صورت حال مکمل طور پر مستحکم نہیں ہو جاتی، مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کی اَفواج کی جانب سے فراہم کی جانے والی سکیورٹی مدد جاری رہے گی۔‘‘

اِس پریس کانفرنس میں لیبیا کے باغیوں کی عبوری قومی کونسل کے سربراہ مصطفیٰ عبد الجلیل بھی موجود تھے۔ صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے ترک وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ لیبیا کے شہریوں کی بھلائی کے لیے لیبیا کے منجمد اثاثے بحال کر دیے جانے چاہییں۔ اُن کا کہنا تھا:’’رمضان کا مہینہ ختم ہونے سے پہلے پہلے ان منجمد اثاثوں کو بحال کر دیا جائے کیونکہ لیبیا کو جلد از جلد مالی وسائل کی ضرورت ہے۔‘‘

جب اس سال 24 فروری کو لیبیا میں معمر القذافی کے خلاف بغاوت شروع ہوئی تو ترکی نے نہ صرف اس ملک کے خلاف عائد کی گئی پابندیوں کی بلکہ اِس کے خلاف نیٹو کی فوجی مداخلت کی بھی مخالفت کی تھی۔

بعد ازاں مئی میں انقرہ حکومت نے باغیوں کی عبوری کونسل کو ملک کی جائز نمائندہ تسلیم کرتے ہوئے قذافی پر زور دیا تھا کہ وہ اقتدار سے الگ ہو جائیں۔

لیبیا کے سابق وزیر انصاف مصطفیٰ عبد الجلیل، جو آج کل باغیوں کی قومی عبوری کونسل کے سربراہ ہیں
لیبیا کے سابق وزیر انصاف مصطفیٰ عبد الجلیل، جو آج کل باغیوں کی قومی عبوری کونسل کے سربراہ ہیںتصویر: picture alliance/dpa

آج کی پریس کانفرنس میں داؤد اوغلو نے یہ بھی بتایا کہ اُنہوں نے کل پیر کے روز امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن کے ساتھ ساتھ رابطہ گروپ برائے لیبیا میں شامل دَس دیگر ملکوں کے وُزرائے خارجہ کے ساتھ بھی بات چیت کی اور اُن کے ساتھ اس موضوع پر تبادلہء خیال کیا کہ اقتدار کی منتقلی تک کے عبوری عرصے میں لیبیا کو کیسے سیاسی، اقتصادی اور فوجی مدد فراہم کی جائے۔ اس رابطہ گروپ کا اجلاس اسی ہفتے ترکی کے شہر استنبول میں منعقد ہونے والا ہے، جس میں لیبیا کی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات پر غور کیا جائے گا۔

ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ اب ایک آزاد اور جمہوری لیبیا کی تشکیل ہونی چاہیے اور ملک کی وحدت کی حفاظت کی جانی چاہیے۔ اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ اُن کا ملک یہ کوششیں جاری رکھے گا کہ دیگر ممالک بھی عبوری قومی کونسل کو لیبیا کا جائز نمائندہ ادارہ تسلیم کر لیں۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں