1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تمام امریکیوں کا صدر ہوں گا، ڈونلڈ ٹرمپ

9 نومبر 2016

ری پبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے 45 صدر کے طور پر اپنے عہدے کا حلف جنوری میں اٹھائیں گے۔

https://p.dw.com/p/2SOSe
US-Präsidentschaftswahl 2016 - Sieg Donald Trump
تصویر: Reuters/M. Segar

وہ اب تک 288 الیکٹورل ووٹ حاصل کر چکے ہیں۔ جیت کے لیے انہیں 270 ووٹ درکار تھے۔ اب تک آنے والے نتائج کے مطابق ڈیموکریٹک پارٹی کی طرف سے ٹرمپ کی حریف ہیلری کلنٹن نے 218 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے ہیں۔

جیت کے بعد نیویارک میں اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے وعدہ کیا کہ وہ ’’تمام امریکیوں کے صدر‘‘ ہوں گے۔ انہوں نے عوام کو متحد ہونے کا کہا۔ ٹرمپ کے مطابق، ’’امریکا کے لیے اب وقت آ گیا ہے کہ تقسیم کے زخموں مندمل کیا جائے۔ اور وقت آ گیا ہے کہ ہم متحد ہو کر ایک ہو جائیں۔‘‘ اپنے خطاب میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت کا وقت ’’قومی ترقی اور تجدید‘‘ کا وقت ہو گا۔

Infografik US-Wahl 2016 Urdu
جیت کے لیے ٹرمپ کو 270 ووٹ درکار تھے

منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیویارک میں اپنے حامیوں سے خطاب میں بتایا کہ ان کی حریف ہیلری کلنٹن نے ٹیلفون پر انہیں اس کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے بھی کلنٹن اور ان کے خاندان کو شاندار انتخابی مہم پر مبارکباد پیش کی۔ ٹرمپ کے مطابق کلنٹن کی امریکا کے لیے خدمات پر عوام ان کے مشکور ہیں۔

دوسری طرف امریکی کانگریس کے انتخابات میں ریپبلکن پارٹی اپنی برتری کا دفاع کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔ غیر حتمی نتائج کے مطابق 435 میں سے رپبلکن پارٹی نے کم از کم 235 نشستیں حاصل کر لی ہیں۔ تاہم اب ڈیموکریٹک پارٹی کے پاس صرف سینیٹ میں اکثریت حاصل کرنے کی امید باقی بچی ہے۔ امریکا میں صدارتی انتخابات کے ساتھ ساتھ ایوان نمائندگان کے 435  اور سینیٹ کے ایک تہائی یعنی چونتیس ارکان  کو بھی منتخب کیا جا رہا ہے۔