1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

توانائی کی کمی دور کرنے سے ملینیم اہداف کا حصول ممکن ، اقوام متحدہ

23 جون 2010

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے ترقیاتی پروگرام UNDP کی جانب سے آج بدھ کے روز جاری ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ توانائی کی کمی دور کرکے ہزاریہ اہداف کے حصول کا عمل تیز کیا جاسکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/O0lQ

UNDP کی 'توانائی تک رسائی کے عمل کی مرکزیت کو بتدریج ختم کرنے کا پروگرام' نامی یہ رپورٹ دراصل نیپال میں توانائی کے دو منصوبوں کی کامیابی پر مبنی ہے۔ مقامی سطح پر لگائے جانے والے ان منصوبوں سے دور دراز علاقوں میں رہنے والے تقریباﹰ 10 لاکھ افراد کو توانائی کی جدید سہولیات فراہم کی گئیں۔ مقامی سطح پر پانی کی مدد سے بجلی بنانے کے چھوٹے یونٹس کے ذریعے تقریباﹰ ڈھائی لاکھ افراد کو بجلی فراہم کی گئی جس سے وہ اپنے گھروں کو روشن کرنے کے علاوہ دیگر کام بھی انجام دے سکتے ہیں جن میں زرعی ضروریات بھی شامل ہیں۔ جبکہ پانچ لاکھ 80 ہزار دیگر افراد کو کھانا پکانے کے لئے جدید چولہے فراہم کئے گئے۔

اقوام متحدہ کے اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل اور UNDP کی ڈیویلپمنٹ پالیسی کے ڈائریکٹر اولاف کورون Olav Kjorven کا کہنا ہے کہ توانائی تک رسائی کے ذریعے نیپالی باشندوں کے معیار زندگی میں بہت زیادہ بہتری آئی ہے۔ اس مثال سے ظاہر ہوتا ہے کہ تمام تر ترقی پزیر ممالک میں ہزاریہ ترقیاتی اہداف کے حصول کے عمل کو تیز تر کیا جاسکتا ہے۔

Poverty remains a major problem in Colombia
دنیا کی تقریباﹰ آدھی آبادی توانائی کے جدید ذرائع تک رسائی نہیں رکھتی۔تصویر: Trinity Hartman

کورون کے مطابق توانائی کے جدید ذرائع تک رسائی کے بغیر لوگ اور خاص طور پر خواتین بہت زیادہ متاثر ہوتی ہیں۔ مثال کے طور پر ٹرانسپورٹ کی سہولتوں کے بغیر انہیں وزن اٹھا کر لانا لے جانا پڑتا ہے۔ انہیں ہاتھ والی چکی پر گندم پیس کر آٹا تیار کرنا پڑتا ہے۔ گھروں میں بجلی کے پمپ کی عدم موجودگی میں انہیں دور دور سے پانی لانا پڑتا ہے۔ گھروں میں جدید چولہے نہ ہونے کی وجہ سے انہیں نہ صرف لکڑیاں کاٹ کر لانا پڑتی ہیں بلکہ لکڑیوں کی آگ کی وجہ سے ان کی صحت پر بھی مضر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ کورون کے مطابق یہ بات بالکل واضح ہے کہ توانائی کے جدید ذرائع تک رسائی سے کروڑوں لوگوں کی غربت میں کمی لائی جاسکتی ہے۔

دنیا کی تقریباﹰ آدھی آبادی یعنی تین ارب انسان توانائی کے جدید ذرائع سے محروم ہیں، جن میں روشنی ، پکانے اور دیگر ضروری کاموں کے لئے بجلی کی فراہمی شامل ہے۔ توانائی اور موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ایڈوائزری گروپ نے ابھی حال ہی میں زور دیا ہے کہ سال 2030ء تک دنیا کی تمام آبادی تک ان ذرائع کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

رپورٹ : افسر اعوان

ادارت : کشور مُصطفیٰ