1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

توہین مذہب کا الزام: طالب علم کو تشدد کر کے ہلاک کر دیا گیا

13 اپریل 2017

پاکستانی صوبہ خیبر پختونخوا کی ایک یونیورسٹی کے طالب علم کو یونیورسٹی کے اندر ہی مشتعل طلبہ کے ایک ہجوم نے تشدد کر کے ہلاک کر دیا ہے۔ اس طالب علم پر توہین مذہب کا شبہ تھا۔

https://p.dw.com/p/2bDMY
Symbolbild Facebook Social Media Fake News
تصویر: picture-alliance/dpa/J. Büttner

خبر رساں ادارے روئٹرز نے مردان یونیورسٹی کی انتظامیہ اور مقامی پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ مشتعل ہجوم کا الزام تھا کہ مشعل خان نامی اس طالب علم نے سوشل میڈیا پر توہین مذہب پر مبنی مواد شیئر کیا تھا۔

آج جمعرات 13 اپریل کو پیش آنے والے اس واقعے میں مردان کی ولی خان یونیورسٹی کے مشتعل طلبہ نے شعبہ صحافت کے طالب علم مشعل خان پر شدید جسمانی تشدد کیا۔ پاکستانی میڈیا نے پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ مشعل خان کی موت گولی لگنے سے ہوئی۔

Blasphemie Gesetz in Pakistan FLASH Galerie
2011ء میں پاکستانی صوبہ پنجاب کے اُس وقت کے گورنر سلمان تاثیر کو انہی کے ایک باڈی گارڈ نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھاتصویر: AP

پاکستان میں توہین مذہب ایک نازک معاملہ ہے۔ مسلمانوں کی اکثریت رکھنے والے ملک پاکستان میں پیغمبر اسلام یا دیگر پیغمبروں کی توہین ایک بڑا جرم ہے۔ ماضی میں بھی کئی ایسے واقعات پیش آ چکے ہیں جب لوگوں کو توہین مذہب یا توہین رسالت کے الزام کے تحت تشدد کر کے ہلاک کر دیا گیا۔

سنٹر فار ریسرچ اینڈ سکیورٹی اسٹڈیز کی ایک رپورٹ کے مطابق سن 1990ء کے بعد سے اب تک کم از کم 65 افراد کو توہین مذہب کے الزام کے تحت قتل کیا جا چکا ہے۔ 2011ء میں پاکستانی صوبہ پنجاب کے اُس وقت کے گورنر سلمان تاثیر کو انہی کے ایک باڈی گارڈ نے اسی الزام کے تحت فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ تاثیر کے قاتل ممتاز قادری کو گزشتہ برس ہی اس جرم کی سزا میں پھانسی دی گئی۔

روئٹرز کے مطابق پاکستانی حکومت اب اس معاملے پر توجہ دے رہی ہے۔ پاکستانی وزیراعظم نواز شریف نے گزشتہ ماہ ایک حکم جاری کیا تھا جس میں آن لائن موجود توہین آمیز مواد ہٹانے کا کہا گیا تھا اور کہا گیا تھا کہ اس طرح کا مواد سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے والوں کو سخت سزائیں دی جائیں۔

Pakistan Mumtaz Hussain Qadri Ex-Bodyguard wurde Hingerichtet
تاثیر کے قاتل ممتاز قادری کو گزشتہ برس ہی اس جرم کی سزا میں پھانسی دی گئیتصویر: Reuters/S. Ur.Rahman

مردان کی مقامی پولیس کے سربراہ  محمد عالم شنواری نے روئٹرز کو بتایا کہ ولی خان یونیورسٹی میں پیش آنے والے اس واقعے کے بعد 10 طالب علموں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ شنواری کے مطابق، ’’طالب کی موت کی وجہ بننے والے شدید تشدد کے بعد مشتعل ہجوم اس کی لاش کو جلانا چاہتا تھا۔‘‘

ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ مشعل خان نے ایسا کون سا مواد سوشل میڈیا پر شیئر کیا تھا جس پر اس کے خلاف توہین مذہب کا الزام لگا۔ روئٹرز کے مطابق مشعل خان کے ایک استاد کا کہنا ہے کہ وہ ایک پرجوش اور ناقدانہ رائے رکھنے والا طالب علم تھا: ’’وہ بہت ذہین اور  متجسس طالب علم تھا جو ملک کے سیاسی نظام کے بارے میں ہمیشہ شکایت کرتا رہتا تھا مگر میں نے کبھی اس کے منہ سے مذہب کے خلاف کوئی بات نہیں سنی۔‘‘