1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تپ دق کے خلاف خوش ذائقہ ادویات کی جلد دستیابی

کشور مصطفیٰ2 دسمبر 2015

طبی ماہرین نے کہا ہے کہ آئندہ برس کے اوائل میں مہلک متعدی بیماری تپ دق کے خلاف ایسی نئی ادویات دستیاب ہوں گی جو اس کے شکار بچوں کی جان بچانے میں بہت مدد گار ثابت ہو سکیں گی۔

https://p.dw.com/p/1HFmx
تصویر: AFP/Getty Images/Rodger Bosch

ماہرین کے مطابق ٹی بی کے خلاف اسٹرابیری اور رسبری کے ذائقے والی ادویات اس بیماری میں مبتلا بچوں کی زندگیوں کو لاحق خطرات کے ضمن میں نہایت اہم کردار ادا کریں گی۔ عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او کے اندازوں کے مطابق گزشتہ برس یعنی 2014 ء میں ٹی بی کی موذی بیماری ایک لاکھ چالیس ہزار بچوں اور 1.37 ملین بالغ انسانوں کی ہلاکت کا سبب بن چُکی ہے۔ اس عالمی ادارے نے یہ بھی بتایا ہے کہ گزشتہ سال ٹی بی کی متعدی بیماری نے مزید ایک ملین بچوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

ٹی بی کے انسداد کے لیے سر گرم ایک الائنس کیمپین یا متحدہ مہم کے مطابق ٹی بی جیسی مہلک بیماری سے خاص طور سے بچوں کو تحفظ فراہم کرنے اور اس کے شکار افراد کے لیے نئی ادویات کی ایجاد کی طرف اب تک بہت غفلت کی جاتی رہی ہے اور یہ کہ مارکیٹ میں اس بارے میں بہت کم ترغیب دلائی گئی جس کے سبب تپ دق جیسی متعدی مہلک بیماری پر قابو پانا اب تک ممکن نہیں ہو سکا ہے۔

Bekämpfung von TB in Indien und die Behandlung von betroffenen Patienten
بھارت میں ٹی بی کے مریضوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہےتصویر: DW/B. Das

اس ضمن میں ایک مسئلہ یہ بھی ہے کہ بہت سے بچے ٹی بی کے علاج کے لیے میسر ادویات کا استعمال پابندی سے اور مسلسل نہیں کر پاتے کیونکہ یہ بے حد کڑوی اور بد مزا ہوتی ہیں۔ ٹی بی کے مریض بچوں کو کم از کم چھ ماہ تک روزانہ یہ کڑوی دوائیں پابندی سے لینا پڑتی ہیں۔ اکثر بچے اس علاج کو جاری نہیں رکھتے اور یہ بد مزا دوائیں کھانے سے انکار کر دیتے ہیں۔

2016 ء کے اوائل سے بچوں کی عمروں کے مطابق ٹی بی کے خلاف تین اہم ترین ادویات کی خوراک مارکیٹ میں دستیاب ہو نگی جو کسی سیال میں گھول کر بچے کو پلائی جا سکتی ہیں۔ اس دوا کو خوش ذائقہ بنانے کے لیے اس میں اسٹرابیریز اور رسبیریز کی خوشبو اور ذائقہ شامل کیا گیا ہے۔

تھومسن رائٹرز فاؤنڈیشن کو ایک بیان دیتے ہوئے TB Alliance کے ایک آفیسرMel Spigelman نے ان نئی ادویات کے بارے میں کہا،’’ان کا استعمال ایسا ہے جیسے کہ ایک بچہ پھل کے ذائقے والا کوئی شربت پی رہا ہو‘‘۔

Südafrika Tuberkulose Röntgen Bild
ایکسرے کے ذریعے ٹی بی کی تشخیصتصویر: AP

انہوں نے مزید کہا،’’ اس طرح والدین، بچوں کی نگہداشت کرنے والوں اور بچوں، سب کے لیے ہی یہ عمل نہایت آسان ہو جائے گا اور انہیں یقین ہو گا کہ بچے ٹی بی کے خلاف اپنی دوائیں پابندی اور تسلسل سے لے رہے ہیں اور ان کے علاج کا سلسلہ منقطع نہیں ہوا‘‘۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ٹی بی کے مریض اپنا علاج مکمل نہیں کرتے اور اسے منقطع کر دیتے ہیں تو ایسے مریضوں کا علاج دوبارہ سے کرنا بہت مشکل ہو جاتا ہے کیونکہ ان مریضوں میں ادویات مزاحم ’’سُپر بگ‘‘ جنم لیتے ہیں جو دواؤں کو غیر موثر بنا دیتے ہیں۔ طبی ماہرین اور محققین کے مطابق ادویات کے خلاف مزاحمت کا مسئلہ عالمی سطح پر سنگین ہوتا جا رہا ہے۔

امریکی ریسرچرز کا کہنا ہے ہ ہر سال قریب 32,000 بچے ڈرگ ریزسٹنٹ ٹی بی یا ادویات مزاحم تپ دق کا شکار ہو تے ہیں جو کے زیادہ تر جان لیوا ثابت ہوتی ہے۔

Bekämpfung von TB in Indien und die Behandlung von betroffenen Patienten
ٹی بی کا مرض جب پُرانا ہو جائے تو اس کا علاج مشکل ہو جاتا ہےتصویر: DW/B. Das

ٹی بی ایسے مریضوں سے پھیلتی ہے جو بغیرعلاج کے ٹی بی کے جراثیم کو اپنے اندر لیے ہوتے ہیں اور ان کے کھانسنے اور چھینکنے سے یہ جراثیم دیگر انسانوں میں منقل ہو جاتے ہیں۔ ایسا زیادہ تر خاندان میں ایک ٹی بی کے مریض کی موجودگی سے ہو جاتا ہے۔ ٹی بی میں مبتلا بچے جو بچ جاتے ہیں اُن میں بینائی اور قوت سماعت سے محروم ہونے کے علاوہ فالج اور ذہنی طور پر مفلوج ہوجانے کے امکانات بہت زیادہ ہوتے ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید