1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تھائی حکومت کا اسقاطِ حمل کے قوانین میں نرمی کا فیصلہ

صائمہ حیدر
6 اکتوبر 2016

بدھ مت کی اکثریتی آبادی والے ملک تھائی لینڈ میں حکام کے مطابق  تھائی حکومت اسقاطِ حمل کے خلاف اپنے سخت قوانین میں نرمی لائے گی۔ ایسا زیکا وائرس سے منسلک پیدائشی نقائص کے ثابت ہونے کی صورت میں کیا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/2QxPb
Symbolbild USA Tod eines Baby durch das Virus Zika
مچھر کے کاٹنے سے پھیلنے والے اس وائرس سے منسلک کوتاہ سری کے پیدائشی نقص کے پہلے دو کیسز سب سے پہلے جنوبی ایشیا میں سامنے آئے تھےتصویر: picture-alliance/dpa/Nih/Niaid
Symbolbild USA Tod eines Baby durch das Virus Zika
مچھر کے کاٹنے سے پھیلنے والے اس وائرس سے منسلک کوتاہ سری کے پیدائشی نقص کے پہلے دو کیسز سب سے پہلے جنوبی ایشیا میں سامنے آئے تھےتصویر: picture-alliance/dpa/Nih/Niaid

 زیکا وائرس مچھر کے کاٹنے سے پھیلتا ہے۔ تھائی لینڈ نے گزشتہ ہفتے زیکا وائرس سے متاثرہ  پہلے ایسے کیس کی تصدیق کی تھی جس میں پیدائشی طور پر جسم کے مقابلے میں سر چھوٹا رہ جاتا ہے۔ مچھر کے کاٹنے سے پھیلنے والے اس وائرس سے منسلک کوتاہ سری کے پیدائشی نقص کے پہلے دو کیسز سب سے پہلے جنوبی ایشیا میں سامنے آئے تھے۔ اس کے بعد امریکا میں بھی اس وائرس سے متاثرہ مریضوں کا پتہ چلا تھا۔

 تھائی لینڈ میں صحت کے ماہرین جو رواں ہفتے زیکا وائرس سے متاثر حاملہ خواتین کے لیے ہدایت نامے کا مسودہ بنانے کے لیے جمع ہوئے تھے، اس نتیجے پر پہنچے کہ سنگین پیدائشی نقائص کی صورت میں حمل ٹھہرنے کے چوبیس ہفتے بعد تک اسقاطِ حمل کرایا جا سکتا ہے۔

رائل تھائی کالج آف گائنا کولوجی کے سر براہ پیسیک لومپیکانون نے خبر رساں ادارے روئٹرز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ،’’ زیکا وائرس کے کیس میں سب سے مشکل کام کوتاہ سری کے پیدائشی نقص کا تعین کرنا ہے کیونکہ اس کا پتہ حمل ٹھہرنے کے کافی دیر بعد چلتا ہے۔‘‘ 

Thailand Mückenbekämpfung Zika Virus
 زیکا وائرس مچھر کے کاٹنے سے پھیلتا ہےتصویر: Reuters/C. Subprasom

تھائی لینڈ میں اسقاطِ حمل غیر قانونی ہے۔ صرف ریپ یا کسی خاتون کی زندگی بچانے کی صورت میں اور  یا پھر اس کی صحت کے تحفظ کے لیے ہی اس کی اجازت دی جاتی ہے۔ عالمی ادارہ برائے صحت کے مطابق زیکا وائرس کے نتیجے میں جسم کے مقابلے میں سر چھوٹا رہ جانے کے پیدائشی نقص کا پتہ چلانے کے لیے کوئی مخصوص ٹیسٹ نہیں ہیں۔ تاہم الٹرا ساؤنڈ اسکینگ کے ذریعے حمل کے تیسرے دور میں اس کا پتہ لگایا جا سکتا ہے۔

 تھائی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ احتیاطی تدبیر کے طور پر تمام حاملہ خواتین کو زیکا وائرس کا ٹیسٹ کروانے پر غور کر رہی ہے۔ یاد رہے کہ رواں برس جنوری سے تھائی حکومت نے زیکا وائرس کے تین سو بانوے کیسز کی تصدیق کی ہے جن میں انتالیس حاملہ خواتین بھی شامل ہیں۔ جبکہ سنگا پور میں اس وائرس سے متاثر تین سو ترانوے مریض رجسٹر کیے گئے ہیں اور اُن میں حاملہ خواتین کی تعداد سولہ ہے۔