1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تیسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان فاتح

29 جنوری 2011

نیوزی لینڈ میں جاری چھ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان نے میزبان نیوزی لینڈ کو 43 رنز سے ہرادیا ہے۔ پاکستان کی اس فتح کے بعد سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی ہے۔

https://p.dw.com/p/1071F
تصویر: AP

کرائسٹ چرچ میں کھیلے جانے والے اس میچ میں ٹاس نیوزی لینڈ کے کپتان روز ٹیلر نے جیتا اور پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ ان کا یہ فیصلہ اس وقت درست معلوم ہوا ، جب پاکستانی اوپنر احمد شہزاد بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ وہ ملز کی گیند پر کپتان ٹیلر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس وقت پاکستان کا اسکور محض دو رنز تھا۔

پاکستان کو محض چھ رنز کے بعد ہی دوسرا نقصان کامران اکمل کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ منجھے ہوئے بیٹسمین اور سابق کپتان یونس خان بھی محض 12 رنز بناکر پویلین سدھار گئے۔

تاہم پھر پاکستان کے دوسرے اوپنر محمد حفیظ اور مصباح الحق نے پاکستان اننگز کو سہارا دیا۔ دونوں نے 94 رنز کی شاندار پارٹنر شپ قائم کی۔ مصباح الحق نے 35 رنز بنا ئے۔ پاکستان کی گرنے والی پانچویں وکٹ محمد حفیظ کی تھی جو 115 رنز بناکر ملز کی گیند پر سٹائرس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اپنے کیریئر کی پہلی سنچری کے دوران انہوں نے 12 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔

Misbah-ul-Haq Pakistan Cricket New test captain
مصباح الحق نے 35 رنز اسکور کیےتصویر: AP

مصباح الحق اور محمد حفیظ کے آؤٹ ہوتے ہی کپتان شاہد آفریدی اور عمر اکمل نے میزبان ٹیم کے بالرز کو پریشان کر دیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے نہ صرف میدان کے چاروں طرف شارٹس کھیلے اور اسکور بورڈ بہت تیزی سے حرکت کرنے لگا۔

شاہد آفریدی نے 5 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے صرف 25 بالوں پر 65 رنز بنائے۔ عمر اکمل نے 29 بالوں پر 2 چھکوں اور 4 چوکوں کے ساتھ 44 رنر بنا سکے۔ دونوں کھلاڑیوں نے 26 بالوں پر 69 رنز بنائے۔ مقررہ پچاس اوورز میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لئے 293 رنز کا ہدف دیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے بینٹ نے 54 رنز دے کر دو ، ساؤتھی نے 57 رنز کے عوض دو اور ملز نے دس اوورز میں 61 رنز دے کر دو پاکستانی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں نیوزی لینڈ 293 رنز کے تعاقب میں مقررہ 50 اوورز میں 250 رنز ہی بناسکی اور اس کے نو کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ میزبان ٹیم کی طرف سے ایس بی سٹائرس 46 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ اسکور کرنے والے بیٹسمین رہے جبکہ کین ولیئم سن 42 رنز کے ساتھ دوسرے بہترین بلے باز رہے۔ کپتان روز ٹیلر کوئی قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکے اور محض چھ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ وہ عمر گُل کی گیند پر یونس خان کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔

پاکستان کی طرف سے وہاب ریاض، عمر گل اور تنویر شہزاد نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ محمد حفیظ اور کپتان شاہد آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ کا بہترین کھلاڑی محمد حفیظ کو قرار دیا گیا ہے جنہوں نے ون ڈے انٹرنیشنل کیریئر میں اپنی پہلی سنچری اسکور کی۔

چھ ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی اس سیریز کا پہلا میچ میزبان نیوزی لینڈ نے نو وکٹوں سے جیتا تھا جبکہ کوئنزٹاؤن میں کھیلا جانے والا دوسرا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔ چوتھا میچ اب پیر یکم فروری کو نیپیئر میں کھیلا جائے گا۔

رپورٹ : افسراعوان

ادارت : شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں