1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جان گریشم جرمنی میں

10 ستمبر 2010

بیسٹ سیلنگ ناولوں کے معروف امریکی مصنف جان گریشم اپنی کتاب’’فورڈ کاونٹی‘‘ کی جرمن شہروں میں پذیرائی کے سلسلے میں ایک خصوصی تقریب میں شرکت کی خاطر ہیمبرگ پہنچ چکے ہیں۔

https://p.dw.com/p/P8i1

مشہور امریکی ناول نگار جان گریشم آج کل سات مختصر ناولٹس پر مبنی کتاب ’’فورڈ کاونٹی‘‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں۔ فورڈ کاونٹی میں گریشم کی سات طویل کہانیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ اردو میں اس طرح کی طویل کہانیوں کے لئے لفظ ناولٹ بھی مستعمل ہے۔ ان طویل تر کہانیوں میں شامل سبھی کہانیاں گریشم کے انداز تحریر کا مظہر ہیں۔ ان کی کہانی بننے کا انداز بھی دلچسپ ہے جو ایک جادوائی انداز میں قاری کو مسلسل اپنی گرفت میں لئے رکھتا ہے۔

یہ امر اہم ہے کہ ان کے طویل ناولوں کی طرح کیا وہ طویل کہانیوں میں بھی پلاٹ کی بنت میں کامیاب ہوئے ہیں یا نہیں کیونکہ ناول کا کینوس یقینی طور پر وسیع ہوتا ہے اور ایک طویل کہانی میں کئی حصوں کو بس ایک سطر میں مکمل کر کے کہانی کو آگے بڑھا دیا جاتا ہے۔

فورڈ کاونٹی کی کہانیوں کے سرنامے ہیں:

· بلڈ ڈرائیو (Blood Drive)

· فیچنگ ریمنڈ (Fetching Raymon)

· فش فائلز (Fish Files)

· کسینو (Casino )

· مائیکل کا کمرہ (Michael's Room)

· خاموش جنت (Quiet Haven)

· فنی بوائے (Funny Boy)

جان گریشم کا تعلق دنیا کے بڑے دریاؤں میں شمار ہونے والے دریا مس سیسپی کے ڈیلٹا سے ہے۔ ان کہانیوں میں بھی گریشم نے اس خطے کے اندر پائی جانے والی مختلف زبانی کہانیوں اور روایتوں کو اپنی طویل تر کہانیوں میں سمونے کی کوشش کی ہے، بالکل اسی طرح جیسے وہ روایات ان کے ناولوں میں مختلف حوالوں کے ساتھ قاری کو ملتی ہیں۔

Buchcover: John Grisham - Das Urteil (Hörbuch)
جان گریشم کی کتب جرمن زبان میں بھی ترجمہ ہو چکی ہیں

بنیادی طور پر وہ لیگل فکشن کو تحریر کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ اپنے ناولوں میں کہانی کی گتھیوں کو وہ قانونی موشگافیوں سے جس انداز میں کھولتے چلے جاتے ہیں وہ قابل تعریف خیال کیا جاتا ہے۔ لیگل فکشن میں ان کی سترہ کتب شائع ہو چکی ہیں جبکہ تین مزید زیر طبع ہیں۔ لیگل فکشن کے علاوہ انہوں نے سات دوسرے ناول بھی تحریر کئے ہیں۔ وہ ان مصنفین میں شمار ہوتے ہیں، جن کی کتابوں کے پہلے ایڈیشن بیس لاکھ سے زائد فروخت ہو چکے ہیں۔ ایسے مصنفین کی تعداد صرف دو ہے۔

جان گریشم نے باقاعدگی سے سن 1984ء میں لکھنا شروع کیا تھا۔ وہ امریکی ایوان نمائندگان میں مس سیسپی علاقے سے رکن بھی رہ چکے ہیں۔ وہ فوجداری معاملات کے وکیل بھی ہیں۔ کئی امریکی یونیورسٹیوں میں ان کے نام کے مخصوص کمرے قائم کئے گئے ہیں، جہاں ان کے ناول خاص طور پر رکھے گئے ہیں۔

رپورٹ : عابد حسین

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں