1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جاپان: تابکار پانی کے سمندر میں بہنے کے عمل کو روک دیا گیا، ٹیپکو

6 اپریل 2011

جاپان میں زلزلے اور سونامی سے متاثرہ فوکوشیما کے جوہری پلانٹ کی آپریٹر ٹوکیو الیکٹرک پاور کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ جوہری پلانٹ سے تابکار مواد سے لیس پانی کے بحر الکاہل میں بہنے کے عمل کو روک دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/10o2o
تصویر: picture alliance/abaca

پانی کے بہاؤ کو روکنے کی تصدیق پلانٹ پر کام میں مصروف عملے کی جانب سے علی الصبح کی گئی ہے۔ گزشتہ روز اس ریڈیو ایکٹو پانی کے بہاؤ کو روکنے کے لیے سوڈیم سلیکیٹ کا استعمال کیا گیا تھا۔ اس کیمیاوی مرکب کو واٹر گلاس بھی کہا جاتا ہے۔ جوہری پلانٹ کے ری ایکٹر نمبر دو کی دیوار کے اندر پیدا ہونے والے شگاف کو بند کرنے کے بعد ہی تابکار پانی کے مسلسل بہاؤ کوروکا گیا ہے۔

NO FLASH Japan auf der Suche nach Vermissten Angehörigen nach Erbeben Atomkatastrophe
جاپان دوسری جنگِ عظیم کے بعد اپنی تاریخ کے سب سے بدترین بحران سے دو چار ہےتصویر: AP

اس کے باوجود ٹیپکو کو آلودہ پانی کو سمندر میں پھینکنا پڑے گا کیوں کہ اس کے پاس اس کو ذخیرہ کرنے کی جگہ نہیں ہے۔ یہ آلودہ پانی انتہائی کم تابکاری مواد کا حامل بتایا گیا ہے۔

جاپان دوسری جنگِ عظیم کے بعد اپنی تاریخ کے سب سے بدترین بحران سے دو چار ہے۔ جاپان میں گیارہ مارچ کو آنے والے تباہ کن زلزلے اور پھر سونامی کے بعد سے حکومت ابھی تک فوکو شیما کے ایٹمی ری ایکٹروں کی وجہ سے پیدا ہونے والے بحران پر قابو نہیں پا سکی۔ اب ٹوکیو حکومت نے یہ کہا ہے کہ وہ سمندر میں تابکاری اثرات کی موجودگی سے متعلق زیر معائنہ علاقے کا رقبہ بڑھانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

اسی دوران فوکوشیما ایٹمی بجلی گھر کی منتظم ٹوکیو الیکٹرک پاور کمپنی ٹیپکو کے شیئرز کی قیمتوں میں نئی ریکارڈ کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ منگل کو یہ قیمت صرف 362 ین فی شیئر کی حد تک گر گئی۔ اس طرح گیارہ مارچ کے بعد سے سٹاک مارکیٹ میں اس کمپنی کی مجموعی مالیت میں 80 فیصد سے زائد کی کمی آ چکی ہے۔

ٹیپکو نے جوہری تابکاری سے متاثر ہونے والے افراد کو معاوضہ دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔

رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر راسں ادارے

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید