جاپان میں سیلاب نے تباہی مچا دی
جاپان میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں گرنے والے زمینی تودوں اور سیلاب کے باعث تین افراد ہلاک ہو گئے جبکہ چھبیس لاپتہ ہیں۔ ایک لاکھ سے زیادہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جانا پڑا ہے۔
حدِ نگاہ تک پانی کی حکمرانی
دریائے کینوگاوا کا پانی اپنے کناروں سے بہہ نکلا اور جوہسو شہر کے رہائشی علاقے میں داخل ہو گیا۔ محکمہٴ موسمیات نے مشرقی اور شمال مشرقی جاپان میں زمینی کٹاؤ اور سیلاب کے مزید واقعات کی پیشین گوئی کی ہے۔
ہیلی کاپٹر مسلسل مصروفِ عمل رہے
پانی کی تیز اور طاقتور لہریں پورے کے پورے مکانات کو اپنے ساتھ بہا کر لے گئیں۔ اس تصویر میں نظر آنے والے مکان اور اُن کے مکین سیلاب کے آگے بے بس نظر آتے ہیں اور فضا سے آنے والی مدد کے منتظر ہیں۔ ایک ہزار سے زیادہ افراد چاروں طرف سے پانی میں گھر گئے تھے۔
مدد کا انتظار
شہری پریشانی کے عالم میں مدد کے منتظر ہیں اور اپنے گھروں کی بالکنیوں سے کپڑے لہرا لہرا کر اپنی طرف متوجہ کر رہے ہیں۔ امدادی کاموں میں فوج اور پولیس کے ساتھ ساتھ فائر بریگیڈ بھی شریک ہے۔
فضا سے آنے والی مدد
بالآخر حفاظت میں: شہر جوہسو میں زیرِ آب آئے ہوئے ایک مکان سے ایک سنسنی خیز امدادی کارروائی کے بعد اس شخص کو بالآخر بچا لیا گیا۔ تاحال اطلاعات کے مطابق تین افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ چھبیس بدستور لاپتہ ہیں۔
پانی نے شہر کو فتح کر لیا
پانی کی تندو تیز لہروں نے جوہسو شہر کی سڑکوں کو گدلے پانی اور کیچڑ کے دریاؤں میں بدل ڈالا۔ ایک لاکھ سے زیادہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جانا پڑا ہے۔
اپنی ہی کار میں قید
فائر بریگیڈ کے ارکان مسلسل امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ چند ایک بند ٹوٹ جانے کے بعد پانی اتنی تیزی کے ساتھ آیا کہ لوگوں کو اپنی کاریں روکنے اور اُن میں سے باہر نکلنے کا بھی موقع نہیں ملا۔
ماضی کے واقعات سے سبق
سیلاب اور زمینی تودے گرنے سے متاثرہ شہر جوہسو میں سکیورٹی فورسز اور امدادی ٹیمیں مستعدی سے شہریوں کو بچانے میں مصروف ہیں۔ مارچ 2011ء میں زلزلے اور سُونامی کی تباہ کاریوں کے بعد سے جاپانی حکومت خاص طور پر کوشش کر رہی ہے کہ بحرانی حالات سے زیادہ موثر طور پر نمٹا جا سکے۔
ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ بارش
اس قدر طوفانی بارشوں کی وجہ ایتاؤ نامی سمندری طوفان بنا ہے، جو بدھ نو ستمبر کو وسطی جاپان کے اوپر سے ہو کر گزرا۔ ماہرینِ موسمیات نے پہلے ہی خبردار کر دیا تھا کہ اس کے نتیجے میں دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہو جائے گی اور زمینی تودے گرنے کا خدشہ ہے۔
جوہسو میں پانی ہی پانی
دارالحکومت ٹوکیو سے پچاس کلومیٹر شمال مشرق کی جانب واقع پینسٹھ ہزار کی آبادی والا شہر جوہسو سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ وہاں دریائے کینوگاوا اپنے کناوں سے بہہ نکلا۔ سڑکوں سے گزرنے والے کیچڑ کا سیلاب اپنے ساتھ کاریں، کھمبے اور مکانات بھی بہا کر لے گیا۔