1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جاپان کا زلزلہ اور سونامی دنیا کی مہنگی ترین آفت

25 مارچ 2011

جاپان میں آنے والا زلزلہ اور سونامی کے سبب پیدا شدہ بحران دنیا کی مہنگی ترین قدرتی آفت کا روپ دھار رہا ہے جس کا تخمینہ تین سو ارب یورو کے لگ بھگ لگایا جارہا ہے۔

https://p.dw.com/p/10h9E
تصویر: AP/Kyodo News

جاپانی حکام صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہنگامی طور پر اضافی بجٹ اور کارپوریٹ شعبے کے لیے ٹیکس پر چھوٹ کے بارے میں سنجیدگی سے سوچ رہے ہیں۔ ٹوکیو حکومت نے یہ عندیہ بھی دیا ہے کہ عوام میں اس بحران کے بعد جوہری توانائی پر اعتماد اٹھ گیا ہے اور صورتحال قابو میں آنے کے بعد اس پالیسی کا نئے سرے سے جائزہ لیا جائے گا۔

جاپان میں تباہ کن زلزلے اور سونامی کے سبب فوکو شیما کے متاثرہ جوہری بجلی گھر کو ٹھیک کرنے کی کوششوں میں مگن کارکنوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئی ہیں۔

Japan Erdbeben Tsunami Atomreaktor
جاپانی بحریہ کے اہلکار متاثرین کے لیے امدادی سامان لے جاتے ہوئےتصویر: AP

فوکوشیما سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ان میں سے تین کارکن اعلیٰ سطح کی تابکاری کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ دو کو زخمی ہونے کے بعد ہسپتال منتقل کیا جاچکا ہے۔ جاپانی میں جوہری سلامتی سے متعلق ادارے کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ ان کارکنوں کے متاثر ہونے کے بعد پلانٹ میں بحالی کی کوششوں میں عارضی التواء کا امکان ہے۔

اس جوہری بجلی گھر کے ری ایکٹر نمبر تین کو بہت زیادہ حساس تصور کیا جارہا ہے جسے ٹھیک کرنے کے لیے 300 انجینئر کام کر رہے ہیں۔

دوسری جانب شمال مغربی جاپان کے اس بحران کے بعد تابکاری کے اثرات اب دارالحکومت ٹوکیو اور اطراف میں واضح ہونے لگے ہیں۔ بیشتر آبادیوں میں نل کا پانی پینے کے لیے غیر موزوں قرار دیا جاچکا ہے۔ امریکہ، آسٹریلیا، سنگاپور اور ہانگ کانگ نے جاپان سے دودھ، سبزی اور پھل کی درآمد پر پابندیاں عائد کردی ہیں۔ جرمنی کے تجارتی بحری جہاز بھی جاپان کے پانیوں کے پاس جانے سے اجتناب کر رہے ہیں۔

Japan Fukushima Arbeiten am Reaktor wieder aufgenommen
متاثرہ جوہری بجلی گھر کو ٹھیک کرنے کی کوششوں میں مصروف انجینئرتصویر: AP

جاپانی پولیس حکام نے جاپان میں زلزلے اور سونامی کے بعد دس ہزار ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ حکام کے مطابق لاپتہ اور ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد ستائیس ہزار سے بھی بڑھنے کا خدشہ ہے۔

جاپان سے متعلق پریشان کُن خبر یہ بھی ہے کہ زلزلے اور سُونامی کی تباہ کاریوں کے تقریباً دو ہفتے بعد ملک کے شمالی حصے میں زلزلے کے نئے شدید جھٹکے ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ زلزلے کی شدت ماپنے کے امریکی مرکز کے مطابق اِس زلزلے کی شدت 6.1 ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں