1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جاپان کے ايٹمی تابکاری سے متاثرہ علاقوں کی صورتحال

20 ستمبر 2011

وکيو ميں گزشتہ روز ايٹمی توانائی کی مخالفت ميں ايک بڑا مظاہرہ ہوا۔ اس مظاہرے کے منتظمين کا کہنا ہے کہ اس ميں 60 ہزار افراد نے شرکت کی۔

https://p.dw.com/p/12crt
ٹوکيو ميں ايٹمی توانائی کی مخالفت ميں مظاہرہ
ٹوکيو ميں ايٹمی توانائی کی مخالفت ميں مظاہرہتصویر: dapd

جاپان کی نئی حکومت کو ايٹمی توانائی کے بجائے کسی دوسرے طريقے سے بجلی پيدا کرنے ميں کوئی دلچسپی معلوم نہيں ہوتی۔ جمعرات 22 ستمبر کو جاپانی وزير اعظم اقوام متحدہ ميں جو تقرير کريں گے اُس کے متن سے يہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ايٹمی بجلی پر اپنے ملک کے جاری انحصار پر زور ديں گے اور اس کے ساتھ ہی تحفظ کے بہتر معياروں کا اعلان کريں گے۔

زلزلے اور سونامی کی زد ميں آنے والے فوکوشيما ايٹمی بجلی گھر کے اردگرد کے علاقے سب سے زيادہ متاثر ہوئے ہيں۔ گزشتہ روز ان علاقوں کے بعض حصوں کے رہنے والوں کو ايک بار پھر کچھ دير کے ليے اپنے مکانات جانے کی اجازت دی گئی۔

کاواؤچی کا ديہات فوکو شيما ايٹمی بجلی گھر کے جنوب مغرب ميں واقع ہے۔ وہ اُس 20 سے 30 کلوميٹر چوڑی پٹی کے کنارے پر واقع ہے، جسے تابکاری کے خطرے کی وجہ سے خالی کرا ليا گيا ہے۔ تابکاری کی پيمائش اور کمپيوٹر سے لگائے جانے والے حسابات کے مطابق اس گاؤں ميں تابکاری شمال مغربی علاقے کے مقابلے ميں کم ہے۔ اس ليے يہاں کے تقريباً 200 رہائشیوں کو اپنی کاروں کے ذريعے وہاں جانے کی اجازت دی گئی تاکہ وہ اپنے مکانات سے سردی کے کپڑے يا گھروں کو گرم رکھنے والے برقی آلات لا سکيں۔ ايک معمر خاتون نے کہا: ’’ميں کبھی نہ کبھی پھر اپنے مکان ميں رہنا چاہتی ہوں، چاہے اس ميں کتنا ہی عرصہ کيوں نہ لگے۔ ميں نے يہاں 50 سال سے بھی زيادہ وقت گزارا ہے۔‘‘

گرين پيس کے کارکن تابکاری کی پيمائش کے ليے ساحل کے قريب سمندر سے نمونے لے رہے ہيں
گرين پيس کے کارکن تابکاری کی پيمائش کے ليے ساحل کے قريب سمندر سے نمونے لے رہے ہيںتصویر: Greenpeace/Jeremy Sutton-Hibbert

گاؤں کے باشندوں کو دو گھنٹوں تک وہاں رہنے کی اجازت دی گئی۔ اس دوران ان لوگوں نے کوٹ، بستر اور دوسری ضروری چيزيں کاروں ميں لاد ليں۔ ان چيزوں کی جانچ پڑتال کی گئی اور جن ميں تابکاری تھی، اُن کی صفائی کی گئی۔ اس کے بعد انہيں اپنے عارضی رہائشی مکانات ميں واپس آنا پڑا، جو قریبی محفوظ شہروں ميں واقع ہيں۔

وزير ماحوليات ہو سونو
وزير ماحوليات ہو سونوتصویر: picture alliance/dpa

جاپان کے وزير ماحوليات ہوسونو نے کہا کہ فوکوشيما بجلی گھر اس سال کے دوران مستحکم حالت ميں لايا جا سکتا ہے۔ ليکن بڑا چيلنج بجلی گھر کے ارد گرد کے علاقوں کی صفائی ہے، جہاں مہلک تابکاری کی سطح بہت زيادہ ہے۔

کاواؤچی اور تامورا کو اميد ہے کہ اُن کے شہری اگلے سال مارچ تک اپنے گھروں کو واپس آسکيں گے۔

رپورٹ: پيٹر کويات، ٹوکيو / شہاب احمد صديقی

ادارت: افسر اعوان   

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں