1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جاپان کے لیے گیت: چار میوزک کمپنیوں کا امدادی پلان

27 مارچ 2011

چار بڑی بین الاقوامی میوزک کمپنیوں نے مل کر ایک ایسا ڈیجیٹل البم تیار کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جس سے حاصل ہونے والی آمدنی جاپان میں زلزلے اور سونامی کے متاثرین کو دی جائے گی۔

https://p.dw.com/p/10i8d
لیڈی گاگاتصویر: AP

نیو یارک سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق یہ ڈیجیٹل البم ایک آل اسٹار البم ہوگا، یعنی اس میں بہت سے گلوکاروں کے گیت شامل کیے جائیں گے۔ اس البم کو Songs for Japan یا ‘جاپان کے لیے گیت‘ کا نام دیا گیا ہے۔

گیتوں کے اس نئے مجموعے کی تیاری اور فروخت کے پروگرام کا اعلان نیو یارک میں سونی اینٹرٹینمنٹ میوزک، ای ایم آئی میوزک، یونیورسل میوزک گروپ اور وارنر میوزک گروپ نے مشترکہ طور پر کیا۔

Japan Erdbeben Tsunami
جاپان میں قدرتی آفات کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی سرکاری تعداد دس ہزار سے بھی زیادہ ہو چکی ہےتصویر: dapd

اس اعلان میں کہا گیا ہےکہ جاپان میں شدید زلزلے اور سونامی سے ہونے والی وسیع تر تباہی کے باعث اس البم کی تیاری کا منصوبہ لاکھوں جاپانی متاثرین کی مدد کے لیے بنایا گیا ہے۔

اس البم میں لیڈی گاگا کا پہلے نمبر پر آنے والا بہت کامیاب گیت Born This Way بھی شامل ہو گا اور جان لینن کا مشہورِ زمانہ گیت Imagine بھی۔ اس کے علاوہ اس البم میں Adele سے لے کر Eminem تک بہت سے فنکاروں کے درجنوں بڑے مشہور گانے بھی شامل کیے جائیں گے۔

مجموعی طور پر اس البم میں 38 ٹریکس شامل ہوں گے۔ ڈاؤن لوڈ کی شکل میں آئی ٹیونز کے خریداروں کے لیے اس کی قیمت 9.99 امریکی ڈالر رکھی گئی ہے۔ اس سےحاصل ہونے والی آمدنی جاپان کی ریڈ کراس سوسائٹی کو دی جائے گی۔ دو سی ڈیز پر مشتمل اس سیٹ کی ہارڈ کاپی اگلے مہینے مارکیٹ میں آ جائے گی۔

جاپان میں گیارہ مارچ کے زلزلے اور سونامی کی تباہ کاریوں کے بعد سے لاکھوں متاثرین ابھی تک پبلک عمارات اور اسکولوں میں لگائے گئے عارضی کیمپوں میں رہ رہے ہیں۔ ان قدرتی آفات کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی سرکاری تعداد دس ہزار سے بھی زیادہ ہو چکی ہے۔ ابھی تک ہزاروں افراد لاپتہ ہیں۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: شامل شمس

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں