1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ججز بحالی کے نوٹیفیکشن جاری

17 مارچ 2009

پاکستانی حکومت نے معزول چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/HE5L
بحال ہونے والے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدریتصویر: AP

پاکستانی وزارت قانون کےسیکریٹریآغا رفیق نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دو نوٹیفکیشن جاری کئے گئے ہیں جس میں سے ایک نوٹیفکیشن چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی بحالی کا ہے۔ اس نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ افتخار محمد چوہدری 22مارچ سے اپنا منصب سنبھالیں گے جبکہ دوسر ا نوٹیفکیشن دیگرججوں کی بحالی کا ہے جس میں درج ہے کہ یہ ججز فوری طور پر اپنے عہدوں پر بحال ہوگئے ہیں۔ وفاقی سیکرٹری قانون آغا رفیق کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو نیا حلف اٹھانے کی ضرورت نہیں ہے۔

اس نوٹیفیکشن کے مطابق معزول ججوں کو تین نومبر2007 کی سینیارٹی پر بحال کیا جائے گا۔ وزارت قانون کے ذرائع کے مطابق نوٹیفکیشن کی زبان انتہائی سادہ رکھی گئی ہے۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کے موجودہ چیف جسٹس عبدالحمید ڈوگر کی مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد 21 مارچ کو اپنے منصب پر فائز ہوں گے۔

اس سے قبل وزیر اعظم کی جانب سے ججوں کی بحالی کی سمری ایوان صدر بھجوائی گئی جس پر صدر زرداری نے دستخط کر دئیے۔

سولہ مارچ کی صبح وزیر اعظم نے قوم سے اپنے خطاب میں ججوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ جسٹس افتخار محمد چوہدری رواں ماہ کی اکیس تاریخ سے چیف جسٹس کے عہدے پر بحال کر دئیے جائیں گے۔