1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی لیکچر دینا بند کرے، ترک وزیر خارجہ

8 مارچ 2017

ترک وزیر خارجہ مولود چاوش اولو نے کہا ہے کہ جرمنی انسانی حقوق اور جمہوریت کے معاملات پر لیکچر دینا بند کرے۔ یہ بات انہوں نے جرمنی کے بندرگاہی شہر ہیمبرگ میں گزشتہ شام اپنے ایک خطاب میں کہی۔

https://p.dw.com/p/2Yo3R
Deutschland türkischer Außenminister Mevlüt Cavusoglu in Hamburg
تصویر: picture-alliance/Anadolu Agency/Turkish Foreign Ministry/A. Gumus

ترک وزیر خارجہ نے منگل سات مارچ کی شام ہیمبرگ میں موجود ترک  قونصل جنرل کے گھر کی بالکونی سے باہر جمع ہونے والے ترکی سے تعلق رکھنے والے باشندوں سے خطاب کیا۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس موقع پر جرمنی میں آباد قریب 250 ترک باشندے وہاں جمع تھے جنہوں نے ترکی کے جھنڈے بھی اٹھا رکھے تھے۔ اپنے اس خطاب میں ترک وزیر خارجہ نے جرمنی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، ’’برائے مہربانی انسانی حقوق اور جمہوریت کے معاملے پر ہمیں سبق نہ پڑھائیں۔‘‘ 

انہوں نے جرمنی کی طرف سے ترک وزراء کو جرمنی میں آباد ترک باشندوں کے اجتماعات سے خطاب کی اجازت نہ دینے کے معاملے کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ اے ایف پی کے مطابق جرمنی میں مقامی حکام نے ترک وزراء کے ایسی ریلیوں سے خطاب کی اجازت معطل کرنے کی زیادہ تر وجہ سکیورٹی تحفظات کو قرار دیا ہے۔ چاوش اولو نے اپنے خطاب میں کہا، ’’ہم اپنے جرمن دوستوں سے کہنا چاہتے ہیں کہ برائے مہربانی ایسے نا مناسب عمل ترک کر دیں۔‘‘ ترک وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا، ’’جرمنی کو ہمارے انتخابات اور ریفرنڈم میں دخل اندازی نہیں کرنی چاہیے۔‘‘

Deutschland türkischer Außenminister Mevlüt Cavusoglu in Hamburg
ترک وزیر خارجہ کے خطاب کے موقع پر جرمنی میں آباد قریب 250 ترک باشندے وہاں جمع تھے جنہوں نے ترکی کے جھنڈے بھی اٹھا رکھے تھےتصویر: Reuters/F. Bimmer

ترک وزیر خارجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ خود نسل پرستی اور امتیازی سلوک جیسے مسائل کے شکار  ’یورپ ‘ کا رویہ منافقانہ ہے۔ چاوش اولو نے جرمنی کا یہ دورہ ایک ایسے وقت پر کیا ہے جب جرمنی اور ترکی کے درمیان تناؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ یہ تناؤ جرمن حکام کی طرف ترک وزراء کو ان ریلیوں سے خطاب کی اجازت دینے سے انکار کے باعث پیدا ہوا، جو ترک صدر رجب طیب ایردوآن کی حمایت میں کئی جرمن شہروں میں نکالی جانا ہیں۔

چاوش اولو کے مطابق وہ آج بدھ کے روز برلن میں اپنے جرمن ہم منصب زیگمار گابریئل سے ناشتے پر ملاقات کریں گےا ور برلن منعقدہ عالمی  سیاحتی میلے  میں بھی شرکت کریں گے۔