1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں تعلیم اور اخراجات

امتیاز احمد1 مئی 2013

دیگر یورپی ممالک کے مقابلے میں جرمنی میں رہنا اور تعلیم حاصل کرنا زیادہ مہنگا نہیں ہے۔ اس آرٹیکل سے آپ یہ جان سکیں گے کہ آپ کو انفرادی طور پر کس قدر اخراجات برداشت کرنا ہوں گے۔

https://p.dw.com/p/18QCp
تصویر: Fotolia/N-Media-Images

اگر آپ جرمنی میں تعلیم حاصل کرنے کی منصوبہ بندی کریں تو سب سے پہلے آپ کو تعلیم پر آنے والے اخراجات پر غور کرنا چاہیے۔ پاکستان سے جرمنی آنے والے اسٹوڈنٹس کو مندرجہ ذیل اخراجات برداشت کرنا ہوتے ہیں۔

1 ٹیوشن فیس

2 سمسٹر کنٹری بیوشن

3 کتابیں وغیرہ خریدنے کے اخراجات

4 ہیلتھ انشورنس کے اخراجات

5 جنرل اخراجات (رہائش، خوراک، لباس، ٹیلی فون وغیرہ)

ٹیوشن فیس کتنی ہے؟

جرمنی میں ہر وفاقی ریاست (صوبہ) یہ فیصلہ کرتی ہے کہ اسٹوڈنٹس سے کتنی فیس وصول کی جائے گی۔ فی الحال جرمنی میں صرف دو وفاقی ریاستیں (لوئر سیکسنی اور باویریا) ٹیوشن فیس چارج کرتی ہیں۔ تازہ ترین معلومات کے لیے آپ اپنی یونیورسٹی سے رجوع کر سکتے ہیں۔ عام طور پر ان دو وفاقی ریاستوں میں ایک غیر ملکی طالب علم کو ہر سمسٹر میں زیادہ سے زیادہ 500 یورو ٹیوشن فیس ادا کرنا ہوتی ہے۔ عام طور پر "Studienkolleg" کے طالب علموں اور ڈاکٹریٹ کے لیے آنے والے اسٹوڈنٹس سے کوئی ٹیوشن فیس وصول نہیں کی جاتی۔

اہم نوٹ: پرائیویٹ یونیورسٹیوں میں سالانہ فیس 20 ہزار یورو تک ہو سکتی ہے۔

سمسٹر کنٹری بیوشن کیا ہے؟

یونیورسٹی میں سمسٹر کنٹری بیوشن فیس ہر چھ ماہ بعد ہر طالب علم کو ادا کرنا ہوتی ہے۔ عام طور پر یہ فیس 50 سے 250 یورو کے درمیان ہوتی ہے۔ اس فیس کے بدلے میں ایک اسٹودنٹ کو یونیورسٹی میس اور رہائش میں رعایت کے علاوہ سفری ٹکٹ بھی ديا جاتا ہے۔ سفری ٹکٹ کے ذریعے پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کرتے ہوئے قریبی شہروں میں بھی مفت سفر کیا جا سکتا ہے۔

کتابیں وغیرہ خریدنے کے اخراجات

سمسٹر کنٹری بیوشن فیس کے علاوہ آپ کو گھومنے پھرنے اور کتابیں خریدنے وغیرہ کے اخراجات بھی خود ہی برداشت کرنا ہوتے ہیں۔ ان اخراجات کا انحصار آپ کی ذاتی ضروریات پر بھی ہوتا ہے۔

ہیلتھ انشورنس کے اخراجات

جرمنی میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے آپ کو ہیلتھ انشورنس کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔ جرمنی میں بہت سی کمپنیاں ہیں، جن کے ساتھ ہیلتھ انشورنس کا کوئی معاہدہ کیا جا سکتا ہے۔ تیس سال کی عمر اور یونیورسٹی میں 14 ویں سمسٹر تک یہ کمپنیاں طالب علموں کو خاص رعایت فراہم کرتی ہیں۔ ہیلتھ انشورنس کے لیے ایک طالب علم کو ماہانہ 40 سے 70 یورو تک ادا کرنا پڑ سکتے ہیں۔

جنرل اخراجات (رہائش، خوراک، لباس، ٹیلی فون وغیرہ)

جرمنی میں رہنے کے اخراجات یورپی اوسط اخراجات کے برابر ہیں۔ یہ اخراجات اسکینڈے نیوین ملکوں سے کم مگر کئی ایشیائی، افریقی اور لاطینی امریکی ملکوں کی نسبتاً کافی زیادہ ہیں۔ جرمنی میں ایک عام اسٹوڈنٹ کا مجموعی ماہانہ خرچہ 600 یورو تک ہو سکتا ہے لیکن اس کا انحصار آپ کے لائف اسٹائل پر بھی ہوتا ہے۔ آپ چاہیں تو 300 یورو میں بھی گزارا کر سکتے ہیں۔

میں کس طرح بچت کر سکتا ہوں؟

جرمنی میں طالب علم خصوصی فوائد کی ایک بڑی تعداد سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ سینما گھروں، تھیٹروں اور کئی دیگر جگہوں پر ان کو خصوصی رعایت دی جاتی ہے۔ اسٹوڈنٹس کارڈ کے حامل طالب علموں کو ٹیلی فون ریٹس، اخبارات، حتیٰ کہ ریل اور ہوائی جہاز کی ٹکٹوں پر بھی ڈسکاؤنٹ فراہم کیا جاتا ہے۔ 12 یورو کے عوض انٹرنیشنل اسٹوڈنٹ آئی ڈی کارڈ Studentenwerk سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔

آپ کی خدمت میں جرمنی میں آنے والے اخراجات کا جائزہ پیش کیا گیا ہے۔ آپ ہمارے آرٹیکل ’اسکالرشپ کی تلاش‘ میں یہ بھی معلوم کر سکتے ہیں کہ آپ جرمنی میں تعلیم حاصل کرتے ہوئے کس طرح مختلف وظائف حاصل کر سکتے ہیں۔