1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں قید مشتبہ دہشت گرد پر امریکہ میں فرد جرم عائد

11 نومبر 2011

جرمن حکام کی حراست میں ایک مشتبہ دہشت گرد پر امریکہ میں فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/138vr
تصویر: AP

امریکی محکمہ انصاف کے مطابق عبدالعدیم الکبیر نامی مشتبہ دہشت گرد نے القاعدہ کو معاونت فراہم کی تھی۔ تیس سالہ ملزم الکبیر اپریل میں جرمنی سے گرفتار کیا گیا تھا۔ امریکی شہر نیویارک میں ایک وفاقی عدالت کے بقول الکبیر نے اپنے دو ساتھیوں کے ساتھ مل کر 2009ء اور 2011 ء کے دوران القاعدہ کے کارکنوں کو تربیت دینے کے علاوہ دھماکہ خیز مواد تیار کرنے میں بھی مدد دی تھی۔

جرمن حکام کے مطابق القاعدہ نے اسے جرمنی میں دہشت گردانہ کارروائیوں کے لیے منتخب کیا تھا۔ جرمن حکومت کے ایک اعلیٰ اہلکار نے اپنا نام صیغہ راز میں رکھنے کی شرط پر خبر ایجنسی اے پی کو مئی میں بتایا تھا کہ الکبیر کے گھر سے القاعدہ کے رہنما شیخ یونس کے تحریر کردہ کاغذات برآمد ہوئے تھے، جو یہ ثابت کرتے ہیں کہ اس کا دہشت گرد نیٹ ورک القاعدہ کے ساتھ گہرا تعلق ہے۔

Taliban Afghanistan Terrorismus Islamismus Flash-Galerie
تصویر: picture alliance/dpa

گزشتہ برس امریکہ نے القاعدہ نیٹ ورک کے بارے میں خبردار کیا تھا کہ وہ یورپ اور جرمنی پر دہشت گردانہ حملوں کے منصوبے بنا رہا تھا۔ جرمنی میں سرکاری ذرائع کے مطابق تب یہ شبہ بھی تھا کہ الکبیر کے گھر سے برآمد ہونے والے کاغذات میں اسامہ بن لادن کے یورپ میں ممکنہ دہشت گردانہ حملوں کے منصوبے کی تفصیلات بھی موجود ہوں گی۔

جس روز الکبیر گرفتار ہوا تھا، اس روز جرمن وزیر داخلہ ہنس پیٹر فریڈرش نے کہا تھا کہ ملزم کو نومبر 2010ء تک زیر تفتیش رکھا جائے گا۔ گزشتہ برس الکبیر کی گرفتاری کے بعد جرمن انٹیلیجنس حکام کو القاعدہ کی جانب سے اس کے لیے بھیجی گئی نئی ہدایات بھی موصول ہوئی تھیں، جو بموں سے دہشت گردانہ حملوں سے متعلق تھیں۔

Bundesinnenminister Hans-Peter Friedrich zeigt Berlin den Verfassungsschutzbericht 2010
وفاقی جرمن وزیر داخلہ ہنس پیٹر فریڈرشتصویر: picture-alliance/dpa

جرمن حکام کے بقول الکبیر نے 2010ء کے اوائل میں جرمنی چھوڑ دیا تھا اور پھر اس نے شمالی وزیرستان میں افغانستان اور پاکستان کی مشترکہ سرحد کے قریب القاعدہ کے ایک تربیتی کیمپ میں ٹریننگ بھی لی تھی۔ بعد میں وہ اسی سال واپس جرمنی آ گیا تھا تا کہ یہاں دہشت گردانہ کارروائیاں کر سکے۔

الکبیرکے پاس جرمنی میں قیام کے لیے شروع میں ایک اسٹوڈنٹ ویزا تھا، جس کے ختم ہو جانے کے بعد وہ غیر قانونی طور پر جرمنی میں مقیم تھا۔ ملزم کے خلاف دہشت گردی سے متعلق الزامات ثابت ہو جانے پر اسے عمر قید تک کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں