1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی: نابالغ مہاجرین کی شادیوں کی منسوخی کا قانون

صائمہ حیدر
5 اپریل 2017

جرمن کابینہ آج بدھ کے روز ایسے مہاجرین کی شادیوں کی منسوخی کے مجوزہ قانون پر بات کرے گی جو اٹھارہ سال سے کم عمر ہیں۔ اس نئے قانون کو رواں برس جولائی تک پارلیمانی منظوری حاصل ہو جائے گی۔

https://p.dw.com/p/2aiyI
Kinderhochzeit in Afghanistan - Braut
یہ اقدام پناہ گزینوں کے حالیہ بحران کے بعد اٹھارہ سال سے کم عمر متعدد جوڑوں کی شادیوں کے تناظر میں کیا جا رہا ہےتصویر: picture-alliance/dpa/F. Kaimy

یہ اقدام پناہ گزینوں کے حالیہ بحران کے بعد اٹھارہ سال سے کم عمر متعدد جوڑوں کی شادیوں کے تناظر میں کیا جا رہا ہے۔ یہ قانون خاص طور پر اُن مہاجر بچیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے بنایا جا رہا ہے، جن کی شادیاں بچپن میں ہی ان کے ملکوں میں کر دی گئی تھیں۔
اس مجوزہ قانون کے نفاذ کے بعد ایسی بچیوں کو کم عمر افراد اور نوجوانوں کے لیے فلاح و بہبود کا کام کرنے والے سماجی کارکنوں کی زیرِ نگرانی دے دیا جائے گا خواہ اُن کی شادی اپنے ملک میں قانونی طور پر ہی کیوں نہ ہوئی ہو۔ اگر ضروری سمجھا گیا تو اِن نو عمر لڑکیوں کو اُن کے شوہروں سے الگ بھی کر دیا جائے گا۔ 
جرمن وزیرِ انصاف ہائیکو مَاس نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو ایک بیان میں کہا،’’ ان شادیوں کا کسی آفس یا کسی شادی ہال میں اندراج نہیں ہے۔ ہمیں نا بالغ افراد کی ایسی کسی بھی شادی کو تسلیم نہیں کرنا چاہیے جو اُن کی نشوونما کے لیے نقصان دہ ہوں۔ جس قدر ممکن ہو نا بالغ افراد کو اس سے محفوظ رکھنا چاہیے۔‘‘

Flash-Galerie 60 Jahre Genfer Flüchtlingskonvention
سولہ سال سے کم عمر میاں بیوی کی اپنے ممالک میں شادیاں جرمنی میں باطل تصور کی جاتی ہیںتصویر: APImages


 جرمن وزیرِ انصاف نے مزید کہا کہ اس تبدیلی کے نتیجے میں کسی بھی کم عمر فرد پر اُس کی جرمنی میں پناہ اور رہائشی حیثیت پر کوئی اثر نہیں پڑنا چاہیے۔ جرمنی میں شادی کے لیے عمر سولہ سے بڑھا کر اٹھارہ سال کر دی جائے گی۔ فی الحال بعض صورتوں میں ایک اٹھارہ سالہ کسی بھی فرد کو سولہ سالہ سے شادی کی اجازت ہے۔ 
سولہ سال سے کم عمر میاں بیوی کی اپنے ممالک میں شادیاں جرمنی میں باطل تصور کی جاتی ہیں جبکہ سولہ اور سترہ سال کے نا بالغ افراد کی شادیوں کو جرمن فیملی کورٹس میں منسوخ کیا جا سکتا ہے۔
کم عمر افراد کی شادیاں منسوخ کرنے کا قانون ایسے جوڑوں کو استثنا فراہم کر سکتا ہے، جن کی شادی کم سنی میں ہوئی لیکن  اب وہ بالغ ہیں اور ساتھ رہنا چاہتے ہیں۔ تاہم ایسا بہت کم صورتوں میں ہو گا۔