1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن آکٹوپس پال کا پیشین گوئی سے ریٹائر منٹ کا فیصلہ

13 جولائی 2010

عالمی کپ فُٹ بال ٹورنامنٹ کے دوران کھیل اور کھلاڑیوں کے علاوہ کئی دیگر چیزیں بھی شائقین کے لئے دلچسپی کا باعث بنی رہیں۔ مثلاً جرمن آکٹوپس پال اور سنگاپور کے طوطے مانی کی پیشین گوئیاں۔

https://p.dw.com/p/OHR5
جرمن آکٹوپس پالتصویر: AP

فیفا فٹ بال ورلڈ کپ کے دوران کم از کم آٹھ درست پیشگوئیاں کرنے والا ’’بابا ہفت پا‘‘ یا پال آکٹوپس نے مزید پیشین گوئی کرنے سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کر لیا ہے۔ جرمن شہر اوبر ہاؤزن کی سی لائف ایکوریم کی ترجمان تانیا مونزیک (Tanja Munzig) کا کہنا ہے کہ پال اب سمندری حیات کے مچھلی گھر کے کارکنوں اور مہمان بچوں کے ساتھ کھیل کر وقت گزارنا چاہتا ہے۔ پیر کو اوبرہاؤزن میں قائم اس مچھلی گھر کے ملازمین نے فٹ بال عالمی کپ کی ٹرافی جیسا ایک سنہرا کپ بابا آکٹوپس کو بطور تحفہ پیش کیا۔

یورو چیمپیئن سپین نے عالمی چیمپیئن بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا کچھ اسی طرح جرمن پال آکٹوپس کی ہر میچ کے حوالے سے پیشین گوئیاں بھی صحیح ثابت ہوئیں یعنی ایک طرح سے وہ بھی پیشین گوئیوں کے تعلق سے ’ورلڈ چیمپیئن‘ بنا۔

Propheten-Papagei Wahrsager Papagei aus Singapur
سنگاپور کے نجومی ایم مُنی یَپن کا طوطا فُٹ بال میچوں کے نتائج سے متعلق پیشین گوئیوں کی بدولت عالمی سطح پر انتہائی مقبول ہوا لیکن جرمن آکٹوپس کے سامنے ہار گیاتصویر: AP

جنوبی افریقی شہر جوہانسبرگ میں کھیلے جانے والے فائنل میچ میں جوں ہی ریفری نے آخری سیٹی بجائی تو اس کے ساتھ ہی سنگاپور کے مانی کی پیشین گوئی غلط ثابت ہوئی، نتیجتاً اس سٹار طوطے کی تقریباً پوجا کرنے والے لوگ اس سے منہ موڑنے لگے۔

لیکن دوسری جانب جرمنی کےآکٹوپس پال کی چاندی ہوگئی۔ اس نے پہلے ہی ہالینڈ کے خلاف سپین کی جیت کی پیشین گوئی کر دی تھی، جو بالکل صحیح ثابت ہوئی۔

سنگاپور کے نجومی ایم مُنی یَپن کا طوطا فُٹ بال میچوں کے نتائج سے متعلق پیشین گوئیوں کی بدولت عالمی سطح پر انتہائی مقبول ہوا۔ فُٹ بال ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل تک تو سب کچھ ٹھیک ہی رہا لیکن اس کے بعد اِس طوطے کی پیشین گوئیاں پٹڑی سے اُتر گئیں۔ مانی کی پیشین گوئی کے مطابق ورلڈ کپ کا فائنل یوروگوائے اور ہالینڈ کے درمیان ہونا تھا جبکہ جرمن آکٹوپس پال نے فائنل کے حوالے سے بھی بالکل صحیح پیشین گوئی کی۔

Fußball Südafrika WM 2010 Spanien gegen Portugal Fans Flash-Galerie
سپین فُٹ بال ٹیم کے مداحتصویر: AP

عالمی کپ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی جرمن ٹیم اور اس کے مداحوں کے لئے وہ لمحے انتہائی مایوس کُن تھے، جب اِس آکٹوپس نے سیمی فائنل میں جرمنی کے بجائے سپین کے حق میں پیشین گوئی کی تھی۔ اِس کی تلافی اِس آکٹوپس نے یوں کی کہ تیسری پوزیشن کے لئے ہونے والے میچ میں اِس نے جرمنی کی فتح کے حق میں پیشین گوئی کی، جو بالکل درست ثابت ہوئی۔

عالمی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کے آغاز سے ہی اِس جرمن آکٹوپس کے تمام اندازے صحیح ثابت ہوئے۔ جرمن شہر اوبرہاؤزن کے مچھلی گھر میں موجود 'آکٹوپس بابا‘ جس وقت پیشین گوئی کے لئے تیرتے ہوئے آتے تھے، اس وقت وہاں میڈیا کے نمائندے بڑی تعداد میں موجود ہوا کرتے تھے۔

تاہم سن 2008ء میں یورو کپ کے فائنل میں جرمن آکٹوپس سے بھی غلطی ہو گئی تھی، تب اِس ہَشت پا نے جرمنی کے حق میں فیصلہ دیا تھا لیکن سپین یہ فائنل جیت کر یورپی چیمپئن بن گیا تھا۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: امجَد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید