1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن افواج کے سربراہ کا تمام فوجی بیرکوں کے معائنے کا حکم

صائمہ حیدر
8 مئی 2017

وفاقی جرمنی کی مسلح افواج کے سربراہ نے تمام فوجی بیرکوں کے معائنے کا حکم دیا  ہے۔ یہ حکم نامہ ایک فوجی چھاؤنی میں تفتیش کاروں کو نازی دور کی عسکری یادگاریں ملنے کے بعد جاری کیا گیا۔

https://p.dw.com/p/2caWC
Deutschland Logo Bundeswehr Karriere mit Zukunft
تصویر: Imago/IPON

جنوب مغربی جرمنی کے شہر ڈوناؤ اَیشِنگن میں قائم فوجی بیس کی بیرکوں میں چھان بین کے دوران ایک آرمی افسر کے کمرے سے یادگاری مصنوعات کے طور پر نازی دور میں زیر استعمال رہنے والی فوجی اشیاء ملی تھیں۔ مذکورہ فوجی افسر کو نسلی تعصب کی بناء پر ممکنہ حملے کے شبے میں گرفتار کیا جا چکا ہے۔ اسی لیے اب وفاقی جرمن فوج کے انسپکٹر جنرل فولکر وِیکر نے ملک کی تمام فوجی بیرکوں کی وسیع پیمانے پر تلاشی کا حکم دیا ہے۔

اس حوالے سے وفاقی جرمن وزارتِ دفاع کے ایک ترجمان نے بتایا، ’’انسپکٹر جنرل نے یہ دیکھنے کے لیے کہ آیا سن 1925 سے سن 1945 تک کی جرمن فوج اور نازی دور کی باقیات اور علامات کے حوالے سے موجودہ ملکی قوانین کی پیروی کی جا رہی ہے، تمام متعلقہ عوامل کی جانچ کا حکم دیا ہے۔‘‘

وفاقی جرمن وزیر دفاع اُرزُلا فان ڈیئر لائن نے گزشتہ شام جرمن نشریاتی ادارے اے آر ڈی کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ وفاقی جرمن فوج کو چاہیے کہ وہ اپنی صفوں میں دائیں بازو کی ممکنہ انتہا پسندی کا سدباب کرے۔ فان ڈیئر لائن نے مزید کہا، ’’ہمیں اب زیادہ سختی سے فوج میں چھان بین کی ضرورت ہے۔ تفتیشی عمل کا آغاز کر دیا گیا ہے اور کئی نئے حقائق کا سامنے آنا متوقع ہے۔‘‘

Frankreich Bundesverteidigungsministerin Ursula von der Leyen in Illkirch
جرمن وزیر فاع کے مطابق ملکی فوج نے اپنی صفوں میں دائیں بازو کی انتہا پسندی کے بڑھتے ہوئے خطرے کو بہت زیادہ سنجیدگی سے نہیں لیاتصویر: Reuters/V. Kessler

وفاقی جمہوریہ جرمنی میں نازی دور کی اشیاء مثلاﹰ نازی پارٹی کے نشان کی نمائش کرنا مروجہ قانون کے تحت ایک قابلِ سزا جرم ہے۔ تاہم سن انیس سو پچیس سے سن انیس سو پینتالیس تک کی جرمن فوج کے استعمال میں رہنے والی اشیاء کا کسی کے پاس ہونا کوئی جرم نہیں ہے۔ گزشتہ ہفتے البتہ جرمن وزیرِ دفاع نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ موجودہ وفاقی جرمن فوج میں سن 1945 تک کی جرمن فوج کی عسکری یادگاروں کے لیے کسی نرم گوشےکو برداشت نہیں کریں گی۔

فان ڈیئر لائن نے کہا کہ خود کو بطور ایک شامی مہاجر کے رجسٹر کروانے والے جرمن فوجی افسر نے ممکنہ طور پر چند دیگر افراد کے ساتھ مل کر اپنے پاس فائرنگ کے لیے استعمال ہونے والی قریب ایک ہزار گولیاں چھپا رکھی تھیں تاہم وفاقی دفتر استغاثہ کی طرف سے ابھی تک اس بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔ فان ڈیئر لائن نے یہ بھی کہا کہ اس ملزم کا مقصد غالباﹰ کوئی دہشت گردانہ حملہ کر کے اس کا الزام تارکینِ وطن کے سر لگانا تھا۔

جرمن وزیر فاع کے مطابق ملکی فوج نے اپنی صفوں میں دائیں بازو کی انتہا پسندی کے بڑھتے ہوئے خطرے کو بہت زیادہ سنجیدگی سے نہیں لیا۔ ایک ابتدائی رپورٹ کے مطابق فوجی بیرکوں کا معائنہ کل منگل نو مئی سے شروع ہو گا اور اس معائنے کے نتائج 16 مئی تک سامنے آ جائیں گے۔