1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن باشندے نے لاٹری میں 77 ملین یورو کی ریکارڈ رقم جیت لی

مقبول ملک26 مارچ 2016

جرمنی میں قانونی لاٹری کی تاریخ کی ایک قرعہ اندازی میں ایک شہری نے قریب 77 ملین یورو یا 86 ملین امریکی ڈالر کے برابر ریکاڑد انعام جیت لیا ہے۔ اس شخص نے یہ لاٹری کھیلنے کے لیے چند یورو کے عوض صرف ایک ہی ٹکٹ خریدا تھا۔

https://p.dw.com/p/1IKCt
38 Millionen Euro in bar Lotto Jackpot 2007
تصویر: picture-alliance/dpa

شہر کولون سے ہفتہ 26 مارچ کو ملنے والی نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق جرمن باشندوں میں بہت مقبول لاٹری کا انتظام کرنے والے ادارے کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ آج سے پہلے کبھی ایسا نہیں ہوا تھا کہ جرمنی میں کسی صارف نے لاٹری میں اتنی بڑی رقم جیتی ہو۔

جرمن لاٹری آرگنائزیشن کے مینیجنگ ڈائریکٹر آندریاز کوئٹر نے ہفتے کے روز ڈی پی اے کو بتایا کہ ان دنوں منائے جانے والے ایسٹر کے مسیحی تہوار کی مناسبت سے کہا جا سکتا ہے، ’’گزرا ہوا دن گڈ فرائیڈے تھا اور آنے والا کل ایسٹر سنڈے ہو گا۔ ایسٹر کے تہوار کی نسبت انڈوں سے ہوتی ہے اور اس شخص کو ایسٹر پر تحفے میں واقعی ’بہت بڑا انڈہ‘ ملا ہے۔‘‘

جس جرمن باشندے نے یہ لاٹری جیتی ہے، وہ دریائے رائن کے ساتھ ساتھ رائن لینڈ کے علاقے کا رہائشی بتایا گیا ہے اور قانونی طور پر لاٹری کمپنی اس کی شناخت ظاہر نہیں کر سکتی۔ تاہم اس آرگنائزیشن نے یہ ضرور کہا ہے کہ 76.8 ملین یورو یا 85.8 ملین امریکی ڈالر کے برابر انعام جیتنے والے اس شخص نے چند یورو کے عوض صرف ایک ہی ٹکٹ خریدا تھا۔

اس سے قبل اسی سال جرمنی میں رائن لینڈ کے اسی علاقے کے ایک اور صارف نے بھی لاٹری میں 49.7 ملین یورو کا انعام جیتا تھا۔

Deutschland Lotto 75 Millionen im Eurojackpot
قرعہ اندازی سے پہلے تک اس لاٹری کے پہلے انعام کی رقم قریب 77 ملین یورو ہو چکی تھی اور کسی ایک شخص کے جیتنے کا امکان ایک کے مقابلے میں 95 ملین سے زائدتصویر: picture-alliance/dpa/S. Prautsch

پورے یورپ میں لاٹری ’جیک پاٹ‘ کے طور پر سب سے بڑی رقم جیتنے کا موجودہ ریکارڈ 2015 میں بنا تھا، جب چیک جمہوریہ کے ایک شہری نے قرعہ اندازی میں نکالنے جانے والے نمبروں کا بالکل درست اندازہ لگا کر 90 ملین یورو جیتے تھے۔

جرمن لاٹری آرگنائزیشن کے شماریاتی اندازوں کے مطابق جس شخص نے صرف ایک ٹکٹ خرید کر قریب 77 ملین یورو کا انعام جیتا ہے، وہ اس لیے بہت خوش قسمت رہا کہ اس مرتبہ کسی صارف کے لیے ایک ٹکٹ خرید کر جیک پاٹ جیت لینے کا امکان 95 ملین میں سے ایک تھا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں