1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’’جرمن بُک پرائز‘‘ کے لئے بیس ناول نامزد

22 اگست 2009

’’جرمن بُک پرائز‘‘ کی جیوری نے سن 2009ء کے انعام کے لئے نامزد کتابوں کی فہرست مختصر کرتے ہوئے بیس ایسے ناول منتخب کئے ہیں، جن میں سے کوئی ایک کتاب اِس اعلیٰ انعام کی حقدار قرار پائے گی۔

https://p.dw.com/p/JGFI

جرمن بُک ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے پچیس ہزار یورو مالیت کا ’’جرمن بُک پرائز‘‘ ہر سال اکتوبر میں فرینکفرٹ کے عالمی کتاب میلے کے موقع پر جرمن زبان میں شائع ہونے والے سال کے بہترین ناول کے لئے دیا جاتا ہے۔ اِس سال کے اعزاز کے لئے سات رُکنی جیوری نے 154 ایسی کتابوں کا جائزہ لیا، جو یکم اکتوبر سن 2008ء اور سولہ ستمبر سن 2009ء کے درمیان شائع ہوئیں یا ابھی ہونے والی ہیں۔ پانچ مہینے تک اِن کتابوں کا بغور جائزہ لینے کے بعد اب اِس فہرست کو مختصر کیا گیا ہے اور اب اِس میں بیس ناول شامل ہیں۔

Autor Uwe Tellkamp
گزشتہ سال کا انعام جیتنے والے جرمن ادیبتصویر: AP

اِس فہرست کو ابھی مزید مختصر کیا جائے گا اور سولہ ستمبر کو چھ ادیبوں کی ایک نئی فہرست جاری کی جائے گی، جو نامزد ادیبوں کی حتمی فہرست ہو گی۔ اِن چھ ادیبوں کو تقریبِ تقسیمِ انعامات کے روز پتہ چلے گا کہ اُنہیں کس انعام سے نوازا گیا ہے۔ اعلیٰ ترین انعام کی مالیت پچیس ہزار یورو ہے لیکن حتمی فہرست میں شامل ہونے والے پانچ ادیبوں کو بھی ڈھائی ڈھائی ہزار یورو مالیت کے انعامات دئے جائیں گے۔

’’جرمن بُک پرائز‘‘ دئے جانے کی روایت کا آغاز سن 2005ء میں ہوا تھا اور یوں اِس سال پانچویں مرتبہ یہ اعزاز دیا جا رہا ہے۔ گذشتہ سال کا انعام شہر ڈریزڈن سے تعلق رکھنے والے ادیب اُووے ٹیلکامپ نے اپنے ناول "Der Turm" (مینار) کے لئے جیتا تھا۔ اِس مرتبہ جو کتابیں نامزد ہیں، اُن کے مصنفین میں کئی نوجوان لکھنے والوں کے نام بھی شامل ہیں۔ تمام جرمن اشاعتی ادارے اپنے ہاں شائع ہونے والے کوئی سے دو ناول اِس انعام کے لئے روانہ کر سکتے ہیں۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: ندیم گِل