1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن بینک کو 6.6 ارب ڈالر کا نقصان، 35 ہزار ملازمین فارغ

امتیاز احمد29 اکتوبر 2015

جرمنی کا ڈوئچے بینک نہ صرف ملک کا سب سے بڑا مالیاتی ادارہ ہے بلکہ دنیا کے سب سے بڑے بینکوں میں بھی شمار ہوتا ہے۔ اب اس بینک نے پینتیس ہزار ملازمین کے علاوہ دس ملکوں میں اپنی شاخیں بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1GwU7
Deutschland Deutschen Bank Symbolbild
تصویر: Reuters/T. Melville

جرمنی کے سب سے بڑے بینک ڈوئچے بینک کے نئے سی ای او جان کرائن نے اعلان کیا ہے کہ وہ ملک کے اس سب سے بڑے قرض دہندہ بینک کو زیادہ منظم اور منافع بخش ادارہ بنانا چاہتے ہیں۔ بینک کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق دنیا بھر میں اس ادارے کے نو ہزار مستقل ملازمین کے ساتھ ساتھ چھ ہزار عارضی ملازمین کو بھی فارغ کر دیا جائے گا جبکہ بیس ہزار آپریشن ورکرز کو ان کے اداروں سمیت دوسرے اداروں کے ہاتھ فروخت کر دیا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ بینک دنیا کے دس چھوٹے ممالک میں اپنی تمام تر مقامی شاخیں بھی بند کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ بیان کے مطابق یہ ادارہ سن دو ہزار اٹھارہ تک اپنے ایک لاکھ تین ہزار ملازمین کی تعداد کم کرتے ہوئے ستتر ہزار تک لے آئے گا۔

یہ فیصلہ ایک ایسے وقت پر کیا گیا ہے، جب جمعرات کے روز اس بینک کی طرف سے چھ بلین یورو (6.6 ارب ڈالر) کے خالص نقصان کا اعلان کیا گیا۔ اس بینک کے خالص منافع میں پانچ عشاریہ آٹھ ارب یورو کی کمی ہوئی ہے کیونکہ ادارے کے ’انویسٹمنٹ بینک’ اور ’پوسٹ بینک‘ کی قدر میں کمی ہوئی ہے۔ یہ اعلان بھی کیا گیا ہے کہ ڈوئچے بینک مالی مشکلات سے نمٹنے کے لیے اپنے ان ذیلی اداروں کو رواں اور آئندہ برس کوئی بھی امداد فراہم نہیں کرے گا۔

ڈوئچے بینک کے سربراہ جان کرائن کا ایک نیوز کانفرنس میں کہنا تھا، ’’بینک خود میں تبدیلیاں لا رہا ہے اور اسے مشکل فیصلے کرنا پڑ رہے ہیں۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا، ’’ہمیں ڈوئچے بینک کی پیچیدگیوں کو کم کرنا ہو گا۔‘‘ اس ادارے کی کوشش ہے کہ وہ اپنے اخراجات میں کمی لاتے ہوئے انتظامی سطح پر تبدلیاں لائے جبکہ مختلف شعبوں میں مزید شفافیت لانے کی بھی بات کی جا رہی ہے۔

ڈوئچے بینک کے سابق سربراہ نے رواں برس جون میں استعفیٰ دے دیا تھا جبکہ موجود شریک سی ای او آئندہ برس مئی میں اس ادارے کو چھوڑ دیں گے۔

ڈوئچے بینک کے مطابق وہ ارجنٹائن، چلی، میکسیکو، پیرو، یوراگوئے، ڈنمارک، فن لینڈ، ناروے، مالٹا اور نیوزی لینڈ میں اپنے آپریشن بند کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ جرمنی میں بھی اس بینک کی چند شاخیں بند کر دی جائیں گی۔ دنیا بھر میں نو ہزار مستقل ملازمین میں سے چار ہزار کو جرمنی میں فارغ کیا جائے گا۔