1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن حکومت پولیس کو جسمانی کیمروں سے لیس کرنے پر متفق

مقبول ملک12 مارچ 2016

جرمنی میں چانسلر میرکل کی مخلوط حکومت میں اس بارے میں اتفاق رائے ہو گیا ہے کہ پولیس اہلکاروں کو جسمانی کیمروں سے لیس کیا جانا چاہیے۔ اس طرح پولیس کی کارکردگی اور امن عامہ کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

https://p.dw.com/p/1ICDC
Anti-Terror-Razzia bei Mainz
تصویر: picture-alliance/dpa/F.von Erichsen

وفاقی دارالحکومت برلن سے ہفتہ بارہ مارچ کو مقامی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے ملنے والی نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ یہ فیصلہ پولیس اہلکاروں کی طرف سے باڈی کیمرے استعمال کرنے کے ایک ایسے کامیاب علاقائی تجربے کا نتیجہ ہے، جو صوبے رائن لینڈ پلاٹینیٹ میں کیا گیا۔

جرمن اخبار ’رائنیشے پوسٹ‘ نے اپنی ہفتے کی اشاعت میں وفاقی وزارت داخلہ کے ایک ترجمان کا بیان کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا، ’’رائن لینڈ پلاٹینیٹ میں کیے جانے والے تجربے کے مثبت نتائج برآمد ہوئے۔‘‘ وزارت داخلہ کے ترجمان بُرکہارڈ لِشکا نے اس علاقائی جریدے کو بتایا، ’’باڈی کیمرے کسی بھی جگہ پر کشیدہ صورت حال کو پرسکون بنانے اور مسلح حملوں کی تفتیش میں بہت مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔‘‘

بُرکہارڈ لِشکا نے ’رائنیشے پوسٹ‘ کو بتایا، ’’جب سے ملک کے مغرب میں واقع صوبے رائن لینڈ پلاٹینیٹ میں پولیس افسران نے اپنی یونیفارم کے اوپر لگائے جانے والے چھوٹے کیمرے (bodycam) استعمال کرنا شروع کیے ہیں، اس وفاقی ریاست میں پولیس اہلکاروں پر کیے جانے والے حملوں کی شرح میں واضح کمی ہوئی ہے۔‘‘

رائن لینڈ پلاٹینیٹ گزشتہ برس وہ دوسرا جرمن صوبہ بن گیا تھا، جہاں پولیس اہلکاروں کو باڈی کیمرے استعمال کرنے کا پابند بنا دیا گیا تھا۔ اس سے پہلے یہ کیمرے صرف اس جرمن صوبے کے ہمسایہ وفاقی صوبے ہیسے میں استعمال کیے جا رہے تھے۔

جرمنی میں عام شہریوں اور صارفین کی نجی زندگی کے تحفظ کے لیے سرگرم کئی سماجی گروپ ان کیمروں کے عمومی استعمال کو لازمی بنانے کے خلاف اپنے تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں۔ اس کے برعکس جرمنی کے کل سولہ وفاقی صوبوں میں سے اکثر کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ہاں پولیس اہلکاروں کو باڈی کیمرے استعمال کرنے کا پابند بنانے پر غور کر رہے ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید