1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن خواتین کی پسند: سینڈلز کے ساتھ جرابیں پہننے والے مرد

3 اپریل 2011

جرمنی میں ایک تازہ عوامی سروے کے نتیجے میں یہ رجحان ثابت ہو گیا ہے کہ جرمن خواتین کو اکثر ایسے مرد پسند آتے ہیں، جو اگر سینڈلز استعمال کریں تو ساتھ جرابیں ضرور پہنیں۔

https://p.dw.com/p/10mZ1
تصویر: dpa

عام صارفین میں پائے جانے والے رجحانات اور رائے عامہ کا سروے کرنے والے تحقیقی ادارے GfK کے ایک تازہ جائزے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ چپلوں کے ساتھ جرابیں پہننے کا رجحان، جو جرمن مردوں اور خواتین کا ایک سٹیریو ٹائپ رویہ سمجھا جاتا ہے، ملک کے مشرقی صوبوں کی خواتین میں مغربی صوبوں کی خواتین کے مقابلے میں کہیں زیادہ پسند کیا جاتا ہے۔

صارفین سے متعلق تحقیق کی سوسائٹی جی ایف کے کا حوالہ دیتے ہوئے جرمن خبر ایجنسی ڈی پی اے نے اپنی ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ سابقہ مشرقی جرمن ریاست کے اب وفاقی جرمنی میں شامل علاقوں کے ’نئے وفاقی صوبوں‘ میں 40.6 فیصد خواتین یہ پسند کرتی ہیں کہ ان کے ساتھی مرد اگر کوئی کھلی چپلیں پہنیں، تو ساتھ جرابیں بھی ضرور پہنیں۔ اس کے برعکس وفاقی جمہوریہ جرمنی کے مغربی علاقے کے ’پرانے وفاقی صوبوں‘ میں ایسی پسند کی حامل خواتین کی تعداد صرف 29.5 فیصد بنتی ہے۔

جرمن شہر بائر برُن سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق دونوں جرمن ریاستوں کے دوبارہ اتحاد کے بیس برس بعد بھی سابقہ مشرقی جرمنی کی خواتین کی مردوں کے پیراکی کے لیے استعمال کیے جانے والے لباس کے حوالے سے ترجیحات بھی سابقہ مغربی جرمنی کی خواتین کی پسند سے بہت مختلف ہیں۔

Flash-Galerie Sommer 2010
’اگر سینڈلز استعمال کریں تو ساتھ جرابیں ضرور پہنیں‘تصویر: picture-alliance/dpa

موجودہ جرمن ریاست کے مشرقی علاقوں میں 58 فیصد خواتین یہ چاہتی ہیں کہ ان کے ساتھی مرد سوئمنگ کے لیے جو شارٹس اور ٹی شرٹ پہنیں، وہ ان کو بالکل پوری تو آتی ہوں لیکن تھوڑی سی تنگ ہوں۔ اس کے برعکس مغربی جرمن علاقوں کی خواتین کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ ان کے پارٹنر مرد پیراکی کے لیے جو شارٹس اور ٹی شرٹ پہنیں وہ تنگ نہیں بلکہ کافی کھلی ہونی چاہیئں۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں