1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن دفتر خارجہ میں ریاستی امور کے سیکریٹری رائین ہارڈ زِلبیربیرگ کا دورہ پاکستان

امتیاز گل ، اسلام آباد26 جنوری 2009

جرمن دفتر خارجہ میں ریاستی امور کے سیکریٹری پیر کے روز چیف آف آرمی سٹاف کے علاوہ وزیر خارجہ اور اپنے پاکستانی سیکریٹری خارجہ سلمان بشیر کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

https://p.dw.com/p/GgiC
رائین ہارڈ زِلبیربیرگ ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہیںتصویر: DW

جرمن دفتر خارجہ میں ریاستی امور کے سیکریٹری رائین ہارڈ زِلبیربیرگ کے دورہ پاکستان کو بھی امریکی اور یورپی حکام کے انہی حالیہ دوروں کا تسلسل قرار دیا جا رہا ہے جن میں پاکستانی حکام سے افغانستان میں نیٹو فورسز کی سپلائی لائن کے تحفظ کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ ملاقات کے بعد دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق دونوں اطراف نے باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور فرینڈز آف پاکستان گروپ کے امور پر تبادلہ خیال کیا تجزیہ نگار اور سابق سفیر طیب صدیقی کے مطابق افغانستان میں جاری جنگ، پاکستان میں سیکیورٹی صورت حال اور اس حوالے سے مغربی ممالک اور پاکستان کے درمیان اختلاف رائے کے باعث مغربی رہنما مسلسل پاکستان سے رابطے میں ہیں۔

’’یورپی ممالک ہوں یا امریکہ انہیں پاکستان سے دلچسپی دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے ہے۔ دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کا کیا رول ہونا چاہئے اور اب تک چھ سالوں میں جو کوششیں کی گئی ہیں وہ کہاں تک کامیاب ہوئیں؟ کیا یہ حکمت عملی صحیح ہے یا تبدیلی کی ضرورت ہے‘‘ ۔

رائین ہارڈ زِلبیربیرگ نے پاکستانی رہنمائوں کے ساتھ ملاقاتوں میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اس کے کردار کو سراہا اور پاک جرمن تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی خواہش کا بھی اعادہ کیا جبکہ پاکستانی حکام نے معاشی استحکام کے ذریعے دہشت گردی کے مسئلے پر قابو پانے کے لئے اپنی مصنوعات کو یورپی منڈیوں تک رسائی دینے کامطالبہ بھی دہرایا۔ خیال رہے کہ جرمنی اس وقت یورپی یونین میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے اور گزشتہ سال پاکستان نے جرمنی کے ساتھ 2 ارب 39 کروڑ ڈالر مالیت کی تجارت کی جبکہ جرمنی پاکستان کو سماجی بہبود خصوصاً تعلیم اور صحت کے شعبوں کی بہتری کےلئے اوسطاً سالانہ 100 ملین یورو کی امداد دیتا ہے ۔