1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن سوداگر کی کینیڈا سے جرمن جیل منتقلی

رپورٹ:شہاب احمد صدیقی ، ادارت : امجد علی4 اگست 2009

جرمن حکام، دس سال کی مسلسل کوششوں کے بَعد جرمن شہری Schreiber کو کينيڈا سے جرمنی واپس لا نے ميں کامياب ہوگئے ہيں۔ شرائبر پر خطير رقوم کو سياستدانوں اور صنعتکاروں تک منتقل کرنے اور ٹيکس ميں غبن جیسے الزامات ہیں۔

https://p.dw.com/p/J34P
شرائبر، کینیڈین حکام کی تحویل میںتصویر: picture-alliance/ dpa

کينيڈا سے واپس لائے جانے کے بعد کارل ہائنس شرائبر کو ہوائی اڈے سے سيدھا شہر آگسبرگ کی جيل لے جايا جا رہا ہے، جہاں ايک نو مربع ميٹر جيل کوٹھڑی ان کی منتظر ہے۔ آگسبرگ کی صوبائی عدالت کے ترجمان ہوئز لر نے کہا کہ اس کے بعد ان کا وارنٹ گرفتاری کھولا جائے گا، جو پرانی تاريخ کا ہے۔

آگسبرگ کی صوبائی عدالت کو اس لمحے کے لئے دس سال انتظار کرنا پڑا ہے۔ شرائبر، اسلحے کی فروخت کے سودوں ميں اسلحہ ساز فرموں سے ناجائز رقوم حاصل کرنے کے علاوہ موجودہ حکمران اتحاد ميں شامل بڑی جماعت سی۔ڈی۔يو کے پارٹی عطيات کے ایک سکينڈل کا مرکزی کردار بھی سمجھے جاتے ہيں۔ وکيل استغاثہ نے ان پر جو الزامات لگائے ہيں، ان ميں کئی ملين کی رشوت، ٹيکس ميں بڑے پيمانے پر غبن اور جرائم ميں مدد دينا شامل ہے۔

Karlheinz Schreiber
شرائبر کی دو اگست کو کینیڈا میں کھینچی گئی تصویرتصویر: AP

صوبائی عدالت کے ترجمان ہوئزلر نے کہا کہ وہ ابھی الزامات کی پوری تفصيل نہيں بتا سکتا ليکن يہ سلسلہ معمول کے مطابق ہی آگے بڑھے گا۔ اس کا انحصار اس پر ہوگا کہ شرائبر اگر کچھ کہيں گے تو کيا کہيں گے۔ تب عدالت اس کی مکمل چھان بين کرے گی۔

Karlheinz Schreiber
گزشتہ ماہ کے آخر میں عدالتی کارزوائی کے دوران کینیڈا میں شرائبرتصویر: AP

اگر ڈاکٹروں نے پچھتر سالہ شرائبر کی صحت کو اس قابل قرار ديا کہ انہيں قيد ميں رکھا جائے تو وہ تفتيشی حراست ميں رہيں گے۔ وہ اپنے سخت جان ہونے کا ثبوت، کينيڈا ميں جرمنی واپس بھيجے جانے کے خلاف دس سالہ مزاحمت کے دوران دے چکے ہيں۔ايئر کينيڈا کا طيارہ گزشتہ صبح انہيں لے کر ميونخ ايئر پورٹ پر اترا تھا۔ پوليس نے وہیں انہيں اپنی تحويل ميں لے ليا۔ اس کے کچھ ہی دير بعد ،پانچ موٹرکاروں پر مشتمل ايک قافلہ شہر آگسبرگ کی جانب روانہ ہوگيا۔

آگسبرگ کی صوبائی عدالت کے ترجمان ہوئزلر کے مطابق کينيڈا سے شرائبر کی وصولی ميں جرمن تحقيقاتی حکام کی ان تھک کوشش کا بھی دخل ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ وکيل استغاثہ نے اس سلسلے ميں طويل اور سخت کوشش کی ہے۔ اس کوشش کا اعتراف کيا جانا چاہئے۔ يہ اميد تقريباً ختم ہوچکی تھی کہ شرائبر يہاں عدالت کا منہ ديکھ سکيں گے۔

کارل ہائنس شرائبر نے، سابق چانسلر کوہل کے دور ميں، غير قانونی پارٹی چندوں اور خفيہ اکاؤنٹس کے اسکينڈل کے ذريعے جرمن سیاسی جماعت کرسچن ڈيموکريٹک يونين کو ہلا کر رکھ ديا تھا۔ وہ اپنے اوپر مقدمہ قائم ہونے سے پہلے ہی سوئٹزرلينڈ اور وہاں سے ايک دوسرے پاسپورٹ پر کينيڈا فرار ہوگئے تھے۔ ان کے بارے ميں کہا جاتا تھا کہ ان کے،خفيہ اداروں کے ساتھ اچھے تعلقات تھے۔