1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن صدر کا دورہ نائجیریا

7 نومبر 2008

جرمنی کے صدر ہورسٹ کیولر جمعے کے روز چھ روزہ دورے پر نائجیریا پہنچ گئے جہاں وہ چوتھے افریقہ فورم میں شرکت کریں گے اور اس کے ساتھ ہی نائجیریا کے صدر اور اعلیٰ سیاسی قیادت سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

https://p.dw.com/p/FpT8
خدشات ظاہر کئے جا رہے ہیں کہ چوتھا افریقہ فورم ڈیمو کریٹک ری پبلک کانگو کے شمالی علاقوں میں باغیوں اور فوج کے درمیان جاری لڑائی کی نذر ہو سکتا ہے۔تصویر: AP

افریقہ فورم جرمنی کے زیرانتظام منعقد کیا جاتا ہے اور اس کا آغاز ہورسٹ کیولر نے ہی کیا تھا۔ اب تک تین فورم منعقد ہو چکے ہیں جن میں ایک گھانا اور دو جرمنی میں ہوئے۔


جرمن صدر کے دورہ نائجیریا کے موقع پر ان کی اہلیہ ایوا لوئیس بھی ان کے ساتھ ہیں۔ جرمن صدر ہورسٹ کیولر کا کہنا ہے کہ افریقہ فورم کوئی ڈونر کانفرنس نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد جرمنی اور افریقہ کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مستحکم بنانا ہے۔


جرمنی میں صدارتی دفتر کے مطابق نائئجیریا اقتصادی لحاظ سے افریقہ کا اہم ملک ہے جہاں نئی قیادت کے تحت اصلاحات کے ایک نئے عمل کا آغاز ہوا ہے۔ صدارتی دفتر کا یہ بھی کہنا ہے کہ گزشتہ سال مئی میں منتخب ہونے والے نائجیریا کے صدر نے حکومتی سطح پر پھیلی بدعنوانی کا مقابلہ کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے جبکہ ملک میں غیرملکیوں کے اغوا کے بڑھتے ہوئے واقعات کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔


نائجیریا میں تعینات جرمنی کے سفیر جوخم شمیلن کا کہنا ہے کہ افریقی ممالک کے ساتھ ہمارے تعلقات ٹھوس بنیادوں پر قائم ہیں اور ہم باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔


دوسری طرف ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ چوتھا افریقہ فورم ڈیمو کریٹک ری پبلک کانگو کے شمالی علاقوں میں باغیوں اور فوج کے درمیان جاری لڑائی کی نذر ہو سکتا ہے۔ روانڈا کے صدر پال کیگا مے نے نیروبی میں کانگو کی صورت حال پر ہونے والے اجلاس میں شرکت کے بعد افریقہ فورم میں شرکت کا منصوبہ منسوخ کردیا۔ کانگو، روانڈا پر اپنے شورس زدہ شمالی علاقوں میں باغیوں کی حمایت کا الزام لگا رہا ہے۔


نائجیریا کی آبادی چودہ کروڑ افراد پر مشتمل ہے اور آبادی کے لحاظ سے یہ افریقہ کا بڑا ملک ہے۔ رواں سال کے پہلے سات ماہ کے دوران نائجیریا سے جرمنی کی درآمدات کا حجم ایک ارب یورو رہا جبکہ اس عرصے میں نائجیریا کیلئے برآمدات کا حجم تقریباﹰ 90کروڑ یورو رہا۔ دونوں ممالک کے مابین گزشتہ سال ہی نائجیرئین جرمن انرجی پارٹنر شپ کا معاہدہ بھی ہوا ہے جس پر دستخط اس سال اگست میں کیے گئے۔