1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن فٹ بال ٹیم یورو 2012ء کے لیے کوالیفائی کر گئی

3 ستمبر 2011

جرمن قومی فٹ بال ٹیم نے گروپ اے کے ایک میچ میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد اگلے برس کھیلی جانے والی یورپی فٹ بال چیمپئن شپ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/12SVM
اوزل گول کرتے ہوئےتصویر: picture alliance/dpa

جرمن شہرگیلزن کِرشن میں جمعہ کی رات یورپی چیمپئن شپ کے کوالیفائنگ مرحلے کے ایک میچ میں جرمن قومی ٹیم نے آسٹریا کی ٹیم کے خلاف انتہائی عمدہ پاور پلے کا مظاہرہ کیا۔ اس میچ میں جرمن ٹیم نے آدھے درجن گول کیے۔ ترک نژاد جرمن کھلاڑی محسوت اوزل نے دو گول کیے۔ جرمنی کی جانب سے بقیہ چار گول میرو سلاف کلوزے، لوکاس پوڈولسکی، آندرے شورلے اور ماریو گوٹزے نے کیے۔ مہمان ٹیم آسٹریا بھی دو گول کرنے میں کامیاب رہی۔ کوالیفائنگ مرحلے پر یہ جرمنی کی آٹھویں جیت تھی۔

انگلینڈ کی ٹیم بھی بلغاریہ کو شکست دے کر کوالیفائی کرنے کے قریب ہے۔ ہالینڈ اور اٹلی کی ٹیمیں بھی تقریباً کوالیفائی کر چکی ہیں۔ فرانس اور پرتگال کی ٹیموں نے بھی گزشتہ رات اپنے اپنے میچ جیتے۔

14ویں یورپی چیمپئن شپ اگلے سال یوکرائن اور پولینڈ کی میزبانی میں مشترکہ طور پر کھیلی جائے گی۔ اس لحاظ سے یہ ٹورنامنٹ اہم ہو گا کہ اس میں آخری بار سولہ ٹیمیں شرکت کریں گی۔ اس کے بعد ٹیموں کی تعداد میں اضافہ کردیا جائے گا۔

Fussball EM-Qualifikation DFB Nationalmannschaft Gruppe A 9. Spieltag Deutschland gegen Österreich Flash-Galerie
آسٹریا کے خلاف جرمن فٹ بال ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیاتصویر: dapd

سن 2016 کی فرانس کی میزبانی میں کھیلی جانے والی یورو چیمپئن شپ میں چوبیس ٹیمیں کھیلیں گی۔ اگلے برس کھیلی جانے والی یورو چیمپئن شپ کا فائنل میچ پہلی جولائی کو یوکرائن کے دارالحکومت کی ایف میں کھیلا جائے گا۔ یورپی ملکوں کی چیمپئن شپ آٹھ جون سے شروع ہوگی۔

قومی ٹیم کے کوچ یوآخم لوئیو نے اپنی ٹیم کی آسٹریا کے خلاف شاندار کامیابی پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔ وہ پہلے ہی کہہ چکے تھے کہ وہ آسٹریا کے خلاف میچ میں کامیابی کو اہم سمجھتے ہیں اور اس میں جیت کے بعد کوالیفائنگ مرحلہ طے ہو جائے گا اور اس کے بعد ٹیم کی حتمی سلیکشن کے ساتھ ساتھ چیمپئن شپ کے لیے تیاری شروع کر دی جائے گی۔

جرمن ٹیم چھ ستمبر کو پولینڈ کے شہر گڈانسک میں میزبان ملک کی قومی ٹیم کے ساتھ ایک دوستانہ میچ بھی کھیل رہی ہے۔ گزشتہ ماہ جرمن ٹیم نے برازیل کی ٹیم کو ایک دوستانہ میچ میں دو کے مقابلے میں تین گول سے ہرایا تھا۔ اس شکست کے بعد برازیل کی ٹیم عالمی درجہ بندی میں چھٹے نمبر پر چلی گئی ہے۔ ورلڈ رینکنگ میں جرمنی کو تیسری پوزیشن حاصل ہے۔ ہالینڈ عالمی نمبر ایک اور اسپین دوسری پوزیشن پر ہے۔ 

رپورٹ:  عابد حسین

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں