1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن قومی فٹ بال لیگ کے تازہ ترین میچوں کے نتائج

8 فروری 2009

ہفتے کے روز کے چھ میچوں میں سے ایک میچ شائقین کے لئے خاص طور پر دلچسپی کا سامان لئے ہوئے تھا۔ اِس میں پہلے نمبر پر جا رہی ٹیم ہوفن ہائیم کا مقابلہ پوائنٹس ٹیبل کی آخری نمبر کی ٹیم بورُسیا موئنشن گلاڈ باخ کے ساتھ تھا۔

https://p.dw.com/p/GpJC
موئنشن گلاڈ باخ کے خلاف ہوفن ہائیم کے کھلاڑی آخری لمحوں میں گول کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے۔تصویر: picture-alliance/dpa

پہلا ہاف ختم ہونے میں ایک منٹ باقی تھا، جب گلاڈ باخ ٹیم کے کھلاڑی الیگذانڈر باؤم ژوہان نے گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلا دی۔ یہ برتری تقریباً کھیل کے اختتام تک جاری رہی اور کھیل ختم ہونے سے صرف ایک منٹ پہلے ہوفن ہائیم کے برازیل سے تعلق رکھنے والےکھلاڑی ویلنگٹن نے سر کی مدد سے گیند گول میں پھینک دیا اور یوں یہ مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہتے ہوئے بھی آخری وقت تک سنسنی خیز رہا۔

Borussia Mönchengladbach Trainer Hans Meyer
موئنشن گلاڈ باخ کے کوچ ہنس میئرتصویر: AP

میچ کا نتیجہ بورُسیا موئنشن گلاڈ باخ کی ٹیم کے لئے مایوس کن تھا کیونکہ وہ ایک جیتا ہوا میچ آخری لمحات میں ہار گئی۔ اِس ٹیم کے کوچ ہنس مائر کے خیال میں تو یہ گول بنتا ہی نہیں تھا: ’’مجھے اِس سے سخت مایوسی ہوئی ہے۔ عام طور پر مجھے ایسا محسوس نہیں ہوتا لیکن جب کھلاڑی آف سائیڈ ہو اور پھر بھی اُس کے گول کو گول قرار دے دیا جائے تو تب زیادہ تلخی محسوس ہوتی ہے۔ نواسی ویں منٹ میں ہمارا ایک کھلاڑی بھی کم تھا، ایسے میں ہو سکتا ہے کہ کھلاڑیوں کی ترتیب اتنی درست نہ رہی ہو۔ لیکن مَیں نے تو اب بعد میں ٹیلی وژن پر دیکھا ہے کہ گول کرنے والا کھلاڑی آف سائیڈ تھا۔‘‘

جہاں گلاڈ باخ کی ٹیم کے کوچ مایوسی کا اظہار کر رہے تھے، وہاں ہوفن ہائیم ٹیم کے کوچ رالف رانگ نِک کا کہنا تھا کہ اُن کی ٹیم خوش قسمت تھی، جو میچ کو برابر کرنے میں کامیاب رہی۔ اِس میچ کے بعد بھی ہوفن ہائیم کی ٹیم اُنتالیس پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں بدستور سرفہرست ہے جبکہ گلاڈ باخ کی ٹیم بھی بدستور آخری نمبر پر ہے، اپنے بارہ پوائنٹس کے ساتھ۔

Bundesliga Arminia Bielefeld Hertha BSC Berlin
بنڈس لگا میں برلن کی کلب ہیرتھا اور آراینیا بیلےفیلڈ کے میچ کا منظر، یہ میچ بھی برابر رہا تھا۔تصویر: AP

ٹیبل میں 37 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر بدستور ہیرتھا برلن کی ٹیم ہے، جس کا آرمینیا بیلے فیلڈ کے خلاف جمعے کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا تھا۔

ٹیبل کی پہلی پوزیشنوں پر موجود ٹیموں میں آج کے اُس میچ کے بعد تبدیلی کا امکان ہے، جس میں دو بڑی جرمن ٹیمیں یعنی بورُسیا ڈوٹ مُنڈ اور بائرن میونخ ایک دوسرے کا سامنا کریں گی۔ بائرن میونخ کی مشہور ٹیم تاحال پینتیس پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

کل کے میچوں کا ایک غیر متوقع نتیجہ شہر کارلسروہے میں دیکھنے میں آیا، جب کارلسروہے کی ٹیم نے آخری منٹوں میں گول کر کے ہیمبرگ کی ٹیم کو، جو ایک وقت میں دو صفر سے جیت رہی تھی، بالآخر دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی۔

اِس فتح پر اپنے تاثرات کا اظہار کارلسروہے ٹیم کے ٹرینر ایڈمُنڈ بیکر نے یوں کیا:’’ہمارے لئے ظاہر ہے، بانوے ویں منٹ میں یہ ایک ہیپی اَینڈ تھا۔ ہم بلا شبہ بہت خوش ہیں کیونکہ ہمارے لئے یہ ایک بہت ہی اہم کامیابی ہے۔‘‘

تاہم یہ میچ ہار کر ہیمبرگ کی ٹیم ٹیبل میں تیسرے سے دوسرے نمبر پر جانے سے محروم رہ گئی اور چھتیس پوائنٹس کے ساتھ بدستور تیسرے نمبر پر ہے۔ کارلسروہے کی ٹیم کے سولہ پوائنٹس ہیں اور وہ ٹیبل میں پندرہویں نمبر پر ہے۔

کل کے کچھ دیگر نتائج یوں رہے۔ اب تک کے میچوں میں خراب کارکردگی کا مظاہرہ کرتی چلی آ رہی شالکے زیرو فور کی ٹیم نے وَیردر بریمن کو ایک صفر سے ہرا دیا۔ وی ایف بی اشٹٹ گارٹ کی ٹیم نے بائر لیور کُوزن کو دو کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے دی اور ٹیبل میں اپنی پوزیشن بہتر بناتے ہوئے چھٹے نمبر پر چلی گئی۔ آئن ٹراخٹ فرینکفرٹ اور ایف سی کولون کا مقابلہ دو دو گول سے برابر رہا جبکہ وولفس بُرگ کی ٹیم نے بوخُم کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا۔

آج اتوار کو دو میچ کھیلے جائیں گے، جن میں ہینوور اور کوٹ بُس کے درمیان ہونے والا میچ بھی شامل ہے۔