1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن وزیر اقتصادیات، روس روانہ ہو گئے

افسر اعوان21 ستمبر 2016

جرمن وزیر اقتصادیات اور نائب چانسلر زیگمار گابریئل دو روزہ دورے پر روس روانہ ہو گئے ہیں۔ اپنے اس دورے کے دوران وہ روسی حکام کے ساتھ شامی تنازعے کے علاوہ روس کے خلاف یورپی یونین کی پابندیوں کے معاملے پر بھی بات کریں گے۔

https://p.dw.com/p/1K6Dq
تصویر: picture-alliance/dpa/J. Stratenschulte

جرمن نائب چانسلر اور وزیر اقتصادیات زیگمار گابرئیل نے ماسکو روانہ ہونے سے قبل کہا کہ وہ روسی صدر ولادی میر پوٹن سے ملاقات کے دوران شام میں امدادی قافلے پر ہونے والے حملے کے موضوع پر بھی بات کریں گے۔ جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق گابریئل کا کہنا تھا، ’’مشرقی یورپ، شام اور مشرق وُسطیٰ میں سیاسی اور اقتصادی استحکام ہمارے مفاد میں ہے۔‘‘

اپنے اس دورے کے دوران جرمن وزیر دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے سلسلے میں آج بدھ 21 ستمبر اور جمعرات کے روز حکومتی نمائندوں سے بھی ملیں گے جبکہ روس میں موجود جرمن کاروباری اداروں کے اہلکاروں سے بھی ان کی ایک ملاقات طے ہے۔ اس دورے میں زیگمار گابریئل کے ساتھ اقتصادی ماہرین کا ایک وفد بھی ہے۔

زیگمار گابرئیل صدر ولادی میر پوٹن سے ملاقات کے دوران شام میں امدادی قافلے پر ہونے والے حملے کے موضوع پر بھی بات کریں گے
زیگمار گابرئیل صدر ولادی میر پوٹن سے ملاقات کے دوران شام میں امدادی قافلے پر ہونے والے حملے کے موضوع پر بھی بات کریں گےتصویر: picture-alliance/AP Photo/G. Dukor

خیال رہے کہ زیگمار گابریئل روس کے خلاف یورپی یونین کی پابندیوں کو برقرار رکھنے کے حوالے سے جرمن چانسلر انگیلا میرکل کو کئی مرتبہ تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں۔ روس کے خلاف یہ پابندیاں یوکرائنی علاقے کریمیا کو اپنے ساتھ ملانے اور پھر مشرقی یوکرائن میں علیحدگی پسندوں کی مدد کرنے کی وجہ سے دو برس قبل عائد کی گئی تھیں۔

جرمن وزیر اقتصادیات و نائب چانسلر زیگمار گابریئل کے دورہ ماسکو کو جرمنی کے ان کاروباری رہنماؤں کی طرف سے سراہا جا رہا ہے جو روس کے ساتھ بزنس پارٹنر شپ بحال کرنے کے متمنی ہیں۔