1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن وزیر خارجہ ’اپنی حدود میں رہیں‘، ایردوآن

William Yang/ بینش جاوید خبر رساں ادارے
20 اگست 2017

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے جرمنی میں آباد ترک نژاد باشندوں کے لیے اپنے متنازعہ پیغام کے ردعمل پر جرمن حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ایردوآن نے جرمن وزیر خارجہ کو ’’اپنی حدود میں رہنے‘‘ کا مشورہ دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2iWBE
Recep Tayip Erdogan hält Rede in Ankara
تصویر: Reuters/U. Bektas

ترکی اور جرمنی کی حکومتوں کے درمیان گزشتہ کچھ عرصے سے تعلقات تناؤ کا شکار ہیں۔ اس کی وجہ ترکی کی طرف سے ناکام فوجی بغاوت کے بعد اپنے ملک میں جاری کریک ڈاؤن کے تحت کیے جانے والے سخت اقدامات پر جرمن حکومت کے تحفظات سے لے جرمنی کی طرف سے ترک وزراء کو جرمنی میں آباد ترک نژاد باشندوں سے خطاب کی اجازت نہ دینا وغیرہ شامل ہیں۔ ترک حکومت کے کریک ڈاؤن کے تحت متعدد جرمن شہریوں کی گرفتاری بھی تعلقات میں تناؤ کی ایک بڑی وجہ ہے۔ انہی میں سے ایک جرمن جریدے کے ترک نژاد جرمن صحافی کی ترکی میں حراست کا معاملہ بھی ہے۔ ترک حکومت ڈینیس یوچیل کو ترکی کے خلاف کام کرنے کے الزام میں قید میں رکھے ہوئے ہے۔

ان حالات میں ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے جمعہ 18 اگست کو اپنے ایک پیغام میں جرمنی میں آباد ترک باشندوں کو کہا تھا کہ وہ جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور ان کے ساتھ اتحاد میں شامل جماعت کو ستمبر میں ہونے والے عام انتخابات میں ووٹ نہ دیں۔ ان کے اس بیان پر برلن کی طرف سے شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔

جرمن چانسلر انگیلا میرکل کا ترک نژاد باشندوں کے لیے ایردوآن کے پیغام کے ردعمل میں کہنا تھا، ’’ہم کسی کو بھی اور اس میں صدر ایردوآن بھی شامل ہیں، جرمن شہریوں کے اس حق کی نفی کی اجازت نہیں دیں گےجو انہیں پابندیوں سے آزاد ہو کر ووٹ دینے کے لیے حاصل ہے۔ بھلے ان شہریوں کے اجداد کا تعلق ترکی سمیت کہیں سے بھی ہو۔‘‘

جرمن وزیر خارجہ زیگمار گابریئل نے بھی شدید الفاظ میں ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے پیغام کی مذمت کرتے ہوئے اسے جرمنی کی خودمختاری میں دخل اندازی کا ایک ایسا عمل قرار دیا جس کی کوئی اور مثال نہیں ملتی۔

برلن حکومت کے ان بیانات کے بعد ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے ہفتہ 19 اگست کو ترک صوبہ دینیزلی  میں اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے جرمن وزیر خارجہ زیگمار گابریئل کے بارے میں کہا، ’’ان کو اپنی حدود معلوم نہیں ہیں۔ آپ کون ہیں ترکی کی صدر سے بات کرنے والے۔ اپنی حدود میں رہیں۔ وہ ہمیں سبق سکھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔۔۔ کتنا عرصہ ہو گیا ہے آپ کو سیاست میں؟ کتنی عمر ہے آپ کی؟‘‘

Türkei Denizli Erdogan Rede vor Anhängern
ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے صوبہ دینیزلی  میں اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے جرمن وزیر خارجہ زیگمار گابریئل کے بارے میں کہا کہ ان کو اپنی حدود معلوم نہیں ہیںتصویر: picture-alliance/AP Photo/Turkish Presidency

اپنے اس خطاب نے ترک صدر نے ایک بار پھر جرمنی میں آباد ترک باشندوں کے لیے اپنا یہ متنازعہ پیغام بھی دہرایا کہ وہ میرکل کی جماعت کرسچن ڈیموکریٹک یونین CDU اور مخلوط حکومت میں شامل جماعت سوشل ڈیموکریٹک پارٹی SPD کو ووٹ نہ دیں۔

’ترکی کی بجائے جرمن حکومت مساجد کو مالی امداد فراہم کرے‘