1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن گلوکارہ نادیہ کو دو سال کی معطل سزائے قید

26 اگست 2010

ایچ آئی وی وائرس کی شکار اٹھائیس سالہ جرمن پوپ سٹار نادیہ کو اپنے ایک سابقہ پارٹنر کے ساتھ دانستہ طور پر غیر محفوظ جنسی رابطوں کے جرم میں دو سال کی معطل سزائے قید سنا دی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/Ox0D
جرمن پوپ سٹار نادیہ بینائساتصویر: picture-alliance/dpa

اس عرصے کے دوران اگر اس مشہور جرمن گلوکارہ نے دوبارہ غیر محفوظ جنسی رابطوں کی صورت میں مروجہ قوانین کی خلاف ورزی نہ کی، تو ان کی یہ سزا خود بخود ختم ہو جائے گی۔ لیکن آئندہ دو سال تک ان پر گہری نظر بہرحال رکھی جائی گی۔

Nadja Benaissa
جرمن گلوکارہ دارمشٹٹ کی عدالت میںتصویر: picture-alliance/dpa

جرمن شہر فرینکفرٹ کے جنوب میں واقع دارمشٹٹ کی ایک عدالت نے جمعرات کو اس جرمن گلوکارہ کو یہ سزا وکیل استغاثہ کی سفارشات کی روشنی میں سنائی۔ گلوکارہ نادیہ بینائسا اس بات کا اعتراف کر چکی ہیں کہ انہوں نے جان بوجھ کر اپنے ایک سابقہ دوست یعنی پارٹنر کے ساتھ ’’غیر محفوظ جنسی رابطوں کے ذریعے اس کی جان کو خطرے میں ڈال دیا تھا۔‘‘

دارمشٹٹ کی عدالت میں جج ڈینس واکر نے جوں ہی نادیہ کے خلاف اپنا فیصلہ سنایا، ان کی آنکھوں سے آنسو نکل پڑے اور وہ جذبات کی رو میں بہہ گئیں۔ کئی منٹوں تک رونے کے بعد نادیہ نے اپنے ہاتھوں سے آنسو پونچھے اور آنکھوں کو چھپائے رکھا۔ جج نے اس جرمن پاپ سٹار کو تین سو گھنٹوں تک سماجی خدمت انجام دینے کا حکم بھی سنایا۔

No Angels 2009 / Nadja Benaissa, Sandy Mölling, Lucy Diakowska, Jessica Wahls
’نو اینجلز‘ کی نادیہ، سینڈی، لوسی اور جیسیکاتصویر: AP

نادیہ نے اس مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت کو بتایا تھا کہ انہوں نے اپنی انفیکشن کو خفیہ رکھ کر ’ایک بڑی غلطی‘ کی۔ اس جرمن پاپ سٹار نے بدھ کے روز کہا تھا کہ انہیں اپنے اس اقدام پر ساری عمر افسوس رہے گا۔ ’’میں اپنی پوری زندگی اس پر شرمسار رہوں گی۔‘‘ معذرت کرتے ہوئے انہوں نے یہ بھی کہا تھا: ’’میں گھڑی کی سوئیاں گھما کر واپس کر دینا چاہتی ہوں لیکن ایسا ممکن نہیں ہے۔‘‘

مشہور جرمن میوزک بینڈ ’نو اینجلز‘ کی گلوکارہ نادیہ بینائسا اپنی ذاتی زندگی کے حوالے سے اُس وقت شہ سرخیوں کی زینت بنی تھیں جب انہوں نے برملا یہ اعتراف کیا تھا کہ وہ ایڈز کا باعث بننے والے ایچ آئی وی وائرس کا شکار ہیں اور یہ کہ اس حقیقت کا علم ہونے کے باوجود انہوں نے دانستہ طور پر مختلف مردوں کے ساتھ غیر محفوظ جنسی رابطے قائم کئے۔

Nadja Benaissa
نادیہ اچھے موڑ میںتصویر: picture-alliance/dpa

اس جرمن گلوکارہ نے سن 2004ء میں اپنے اس وقت چونتیس سالہ سابقھ پارٹنر کے ساتھ جنسی تعلقات قائم کئے تھے۔ نادیہ نے اپنے اس ساتھی کو بھی یہ نہیں بتایا تھا کہ وہ HIV وائرس کا شکار ہو چکی ہیں۔ بعد میں انہوں نے ایک اور مرد کے ساتھ بھی جنسی تعلقات قائم کئے تھے اور اسے بھی اپنی انفیکشن سے بے خبر رکھا تھا۔

پھر ایک شخص نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ نادیہ نے اس کے ساتھ جنسی تعلقات کے ذریعے اسے بھی اس انفیکشن میں مبتلا کر دیا۔ ایک جرمن خبر ایجنسی کے مطابق اس شخص کے سن 2004ء میں تین ماہ تک اس جرمن پاپ سٹار کے ساتھ تعلقات رہے تھے۔

نادیہ کے بینڈ ’نو اینجلز‘ کو سن 2008ء میں گیتوں کے یورپی مقابلوں یورو وژن میں آخری پوزیشن حاصل ہوئی تھی۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی / خبر رساں ادارے

ادارت: مقبول ملک