1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جزیرہ ء سعدیات پر شیخ زید کی یادگار کا منصوبہ

26 نومبر 2010

برطانوی ملکہ الزبتھ دوئم نے خلیجی ریاست ابو ظہبی میں متحدہ عرب امارات کے بانی، مرحوم شیخ زید سے منسوب یادگاری عجائب گھر کے ڈیزائن کی نقاب کشائی کردی ہے۔

https://p.dw.com/p/QIhA
جزیرہ ء سعدیاتتصویر: TDIC

شیخ زید میوزیم کا ڈیزائن برطانوی تعمیراتی ادارے فوسٹر اینڈ پارٹنرز نے ترتیب دیا ہے۔ یہ ادارہ لندن کے سٹی ہال سمیت دنیا بھر میں شیشے اور سٹیل سے بنائی گئی ہائی پروفائل تعمیرات کے حوالے سے خاصی شہرت رکھتا ہے۔

امید کی جارہی ہے کہ شیخ زید میوزیم کی تعمیر 2014ء تک مکمل ہوجائے گی۔ برطانوی ملکہ کے شوہر پرنس فلپ، بیٹا اینڈریو، وزیر خارجہ ولیئم ہیگ اور دیگر حکام بھی اس تاریخی دورے میں ان کے ساتھ ہیں۔ میوزیم کے ڈیزائن کی نقاب کشائی کے موقع پر سبز و سفید لباس میں ملبوس 84 سالہ ملکہ الزبتھ کے علاوہ ابو ظہبی کے کراؤن پرنس شیخ محمد بن زید النہیان اور متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبد اللہ بن زید النہیان بھی موجود تھے۔

Bildgalerie Queen Elizabeth II Staatsbesuch Berlin mit Prinz Philipp
ملکہ الزبتھ اور پرنس فلپتصویر: dpa

امارات پہنچنے کے پہلے روز ملکہ الزبتھ نے شیخ زید مسجد کا دورہ کیا۔ برطانوی سفارتخانے نے ملکہ کے اس دورے کے موقع پر جاری بیان میں لکھا ہے کہ، ’’ چرچ آف انگلینڈ کی سربراہ ’ملکہ الزبتھ‘ کا شیخ زید جامع مسجد کا یہ دورہ اس کثیر المذہبی مکالمے اور برداشت کی عکاسی کرتا ہے جو برطانیہ اور متحدہ عرب امارات میں عام ہے۔‘‘

برطانوی سفیر ڈومینک جیرمی نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا، ’’ ملکہء عالیہ اور یہاں کے شاہی خاندان کے مابین بہت گہری دوستی ہے۔‘‘ ان کے بقول دونوں ممالک کے تعلقات کی بنیادیں مشترکہ سیاسی مفاد کے ساتھ ساتھ کاروبار و سرمایہ کاری کے گہرے تعلقات پر قائم ہیں۔

متحدہ عرب امارات کی حکومت نے اپنے بانی کی یادگار کے لئے جزیرہ ء سعدیات کا انتخاب کیا ہے۔ اس پورے علاقے کو ثقافتی سیاحت کا محور بنانے کا ارادہ ہے۔ ممتاز فرانسیسی ماہر تعمیرات Louvre and Guggenheim بھی یہیں پر دو عجائب گھروں کی تعمیر میں مصروف عمل ہیں۔

Verkehr in Dubai
دبئی کے مصروف کاروباری علاقے میں شیخ زید کے نام سے منسوب ایک سڑکتصویر: AP

قابل ذکر بات یہ ہے کہ جب اس فرانسیسی ادارے کو دو عجائب گھروں کی تعمیر کے قیمتی ٹھیکے سونپے گئے تھے تو اس وقت کے فرانسیسی صدر ژاک شیراک نے بھی اسی قسم کے جذبات کا اظہار کیا تھا جیسے ملکہء برطانیہ کی جانب سے کئے گئے ہیں۔

سعدیات کے جزیرے پر زیر تعمیر عجائب گھروں کو یورپ کی جانب سے خلیجی ممالک کو برآمد کئے گئے ثقافتی اثاثوں کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔ متحدہ عرب امارات کہلانے والی سات ریاستوں کو 1971ء میں برطانیہ سے آزادی ملی تھی۔

برطانوی ملکہ اپنے دورے کے اگلے پڑاؤ میں عمان جائیں گی جہاں وہ سلطان قابوس کی حکمرانی کے 40 سال پورے ہونے کے جشن میں شریک ہوں گی۔ لگ بھگ ایک کروڑ ساٹھ لاکھ مسلمانوں کی آبادی والے اس ملک کے برطانیہ سے دیرینہ دفاعی و معاشی تعلقات ہیں۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: افسراعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں