1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جنرل اسمبلی نے بان کی مون کو پھر منتخب کر لیا

22 جون 2011

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے متفقہ طور پر سیکریٹری جنرل بان کی مون کو دوسری مدت کے لیے منتخب کرلیا ہے۔

https://p.dw.com/p/11h00
بان کی مونتصویر: picture-alliance/dpa

منگل کے روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اراکین نے متفقہ طور پر سیکریٹری جنرل بان کی مون کو پانچ برس کے لیے مزید ایک اور مدت کے لیے منتخب کرلیا ہے۔ بان کی مون کو امریکہ سمیت متعدد عالمی طاقتوں کی حمایت حاصل ہے۔

جنوبی کوریا کے سابق وزیر خارجہ بان کی مون نے سن دو ہزار سات میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا عہدہ سنبھالا تھا۔ ان سے قبل ادارے کے سیکریٹری جنرل کے فرائض کوفی عنان انجام دے رہے تھے۔

Vereinte Nationen Ban Ki-moon Libyen
جنرل اسمبلی نے بان کی مون کو متفقہ طور پر منتخب کیاتصویر: AP

سڑسٹھ سالہ بان کی مون کا دوبارہ منتخب ہونا یقینی تصور کیا جا رہا تھا کیوں کہ سلامتی کونسل نے گزشتہ ہفتے بان کی مون کو دوبارہ منتخب کرنے کی سفارش کی تھی۔

بان کی مون نے اپنے دوبارہ انتخاب کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے رکن ممالک کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ ان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔ ان کا اس موقع پر یہ بھی کہنا تھا کہ ابھی بہت سا کام ایسا ہے جو انہیں مکمل کرنا ہے۔ ’بے شمار لوگ بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں۔ بے شمار انسان بھوکے ہیں۔ بے شمار بچے بے وجہ موت کا شکار ہو جاتے ہیں۔ اقوام متحدہ کی اس وقت جتنی ضرورت ہے وہ پہلے کبھی نہیں تھی،‘ بان کی مون کے الفاظ۔

اقوام متحدہ کے لیے امریکی سفیر سوزن رائس نے بان کی مون کے دوبارہ انتخاب کا خیر مقدم کیا ہے اور بان کی مون کی ادارے کے لیے خدمات کی تعریف کی ہے۔

خیال رہے کہ دنیا کے تمام علاقائی گروپس نے بان کی مون کی حمایت کی ہے۔ لاطینی امریکہ اور کیریبیئن گروپ نے سب سے آخر میں بان کی مون کو دوبارہ منتخب کرنے کی حمایت کی۔

رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: ندیم گِل